چیمپئنز ٹرافی کی فتح اور پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ واپسی کا سبب بنا،رمیز راجہ

دنیا کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کی آمد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کی جانب پہلا قدم ہے، دورے کا تمام تر کریڈٹ کھلاڑیوں اور آئی سی سی کو جانا چاہئے،رمیز راجہ کاآئی سی سی کی ویب سائٹ کیلئے مضمون

ہفتہ 9 ستمبر 2017 14:36

چیمپئنز ٹرافی کی فتح اور پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ واپسی کا سبب بنا،رمیز ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 ستمبر2017ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجا نے ورلڈ الیون کا دورہ ممکن بنانے اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی پر آئی سی سی کا شکریہ ادا کیا ہے۔آئی سی سی کی ویب سائٹ کے لئے مضمون میں انہوں نے لکھا ہے کہ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کی آمد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کی جانب پہلا قدم ہے۔

اس مرحلے پر عالمی تنظیم کایہ اقدام دراصل پیغام ہے کہ کرکٹ برادری پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑ ے گی ۔انہوں نے مزید لکھا ہے کہ اس دورے کا تمام تر کریڈٹ کھلاڑیوں اور آئی سی سی کو جانا چاہئے، خاص طور پر پلیئرز کا شکریہ جنہوں نے اپنے گھروالوں اور احباب کی باتیں نظر انداز کرکے یہ جرات مندانہ فیصلہ کیا ۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم بس پر حملے کے بعد 2015میں زمبابوے کی ٹیم کے کامیاب دورے نے ملک میں کرکٹ کا راستہ کھولنے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ پاکستان کے سپر لیگ کے لاہور میں فائنل نے صورتحال کو بہت حد تک تبدیل کر دیا۔

رمیز راجہ کا خیال ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی فتح اور پاکستان کی غیر ملکی میدانوں پر شاندار کارکردگی نے بھی ملک میں کرکٹ کو واپس لانے میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔یو اے ای میں جیتنا، ٹیسٹ میں نمبر ایک بننا، پی ایس ایل کی دو کامیاب سیزنز اور چیمپئنز ٹرافی کی تاریخی جیت سے بہت فرق پڑا ہے۔