ورلڈالیون اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے درمیان سیریز کیلئے قذافی اسٹیڈیم میں تیاریاں جاری

وسط میں ایک پچ مکمل طور پر تیاردیگر2پر کام جاری ہے،لیسکو کا قذافی اسٹیڈیم ،اطراف میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان

ہفتہ 9 ستمبر 2017 19:40

ورلڈالیون اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے درمیان سیریز کیلئے قذافی اسٹیڈیم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2017ء) ورلڈالیون اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے درمیان سیریز کے لئے قذافی اسٹیڈیم میں تیاریاں جاری ،میدان سے اضافی گھاس کاٹی جا چکی،وسط میں ایک پچ مکمل طور پر تیاردیگر2پر کام جاری ہے،اطراف کی سڑکوں پر کارپٹنگ بھی کرلی گئی،لیسکو نے سیریز کے دوران قذافی اسٹیڈیم اور اطراف میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کردیا، اس کے باوجود جنریٹرز کا انتظام کرلیا گیا ہے، نشتر پارک کو دن کی طرح روشن رکھنے کیلیے راستوں میں بھی لائٹس کی تنصیب ہو رہی ہے۔

ادھر ورلڈ الیون میں شامل پلیئرز کی دبئی آمد کا سلسلہ رات تک جاری رہا، آسٹریلوی کرکٹر بین کٹنگ نے پہنچنے پر مختصر پیغام میں کہا ’’ سلام پاکستان، دبئی میں ٹریننگ سیشن کے بعد جلد لاہور آرہا ہوں، شائقین تیار ہوجائیں، ان سے وہاں میدان میں ملاقات ہوگی۔

(جاری ہے)

‘‘ سری لنکن آل راؤنڈر تھشارا پریرا نے بھی دبئی میں کیمپ جوائن کرنے کے بعد اپنے پیغام میں کہا ’’ورلڈ الیون ٹیم کا حصہ بننے پر خوش اور پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کیلیے پٴْرجوش ہوں۔

‘‘شیڈول کے مطابق پاکستان آمد سے قبل مہمان ٹیم 2 روز تک دبئی میں قیام کرے گی، ہفتے کو اینڈی فلاور اور ڈیرن سیمی دورئہ پاکستان کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کریں گے،اتوار کوورلڈ الیون کا اسکواڈ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کرے گا،ہاشم آملا اور گرانٹ ایلوئیٹ کی پریس کانفرنس طے ہے، کھلاڑیوں کی لاہورآمد11ستمبرکو ہوگی، اگلے روز قذافی اسٹیڈیم میں پہلا ٹی ٹوئنٹی ہوگا۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقی فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں ورلڈ الیون 14کرکٹرز پر مشتمل ہے، دیگر کھلاڑیوں میں ہاشم آملا، سیموئل بدری، جارج بیلی، پال کولنگ ووڈ، بین کٹنگ، گرانٹ ایلوئٹ، تمیم اقبال، ڈیوڈ ملر، مورن مورکل، ٹم پین، تھشارا پریرا، ڈیرن سیمی اور عمران طاہر شامل ہیں۔ اینڈی فلاور کوچ جبکہ ول کوئن منیجر کے طور پر اسکواڈ کے ہمراہ ہونگے۔