سمندری طوفان ارما کے ٹکرانے سے قبل فلوریڈا سے لوگوں کا انخلا جاری

ہفتہ 9 ستمبر 2017 19:48

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2017ء) سمندری طوفان 'ارما' کیریبیئن میں 22 افراد کی ہلاکت اور املاک کی شدید تباہی کے بعد امریکی ریاستی فلوریڈا کی طرف بڑھ رہا ہے اور ایسے میں حکام نے فلوریڈا کے لاکھوں لوگوں کو انخلا کے لیے متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقت بہت کم ہے۔فلوریڈا کے حکام کے مطابق متوقع طور پر ارما اتوار کو ریاست سے ٹکرائے گا لہذا ریاست کے لگ بھگ ایک تہائی سے زائد علاقوں کے تقریباً 56 لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا کہا گیا ہے۔

ریاست کے گورنر رک اسکاٹ نے ارما کو ایک ایسے "تباہ کن طوفان سے تعبیر کیا ہے جو اس ریاست نے پہلے کبھی نہیں دیکھا"، اور ان کے بقول یہ ریاست سے بھی وسیع طوفان ہے۔انھوں نے متنبہ کیا کہ "وقت ہمارے ہاتھوں سے نکلا جا رہا ہے، طوفان تقریباً یہاں پہنچا ہی چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

"محکمہ موسمیات کے حکام نے طوفان کی سمت کو جمعہ کو دوبارہ تعین کرتے ہوئے بتایا کہ میامی کے تقریباً 60 لاکھ لوگ اس سے براہ راست متاثر ہونے سے بچ جائیں گے۔

جمعہ کو دیر گئے ارما درجہ پانچ کی خطرناک حد کی شدت اختیار کر گیا جب کہ اس سے قبل اس میں کچھ کمی واقع ہوئی تھی۔ ماہرین اسے بحر اوقیانوس میں آنے والا شدید ترین طوفان تصور کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ امریکہ تک پہنچتے ہوئے یہ اپنی شدت برقرار رکھ سکتا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی کابینہ ہفتہ کو ایک اجلاس میں طوفان سے متعلق تبادلہ خیال بھی کرنے جا رہے ہیں