لاہور ، محمد یعقوب شیخ نے پروفیسر حافظ محمد سعید کی تصویر استعمال کرنے سے روکے جانے کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 9 ستمبر 2017 21:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2017ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120سے امیدوار محمد یعقوب شیخ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران پروفیسر حافظ محمد سعید کی تصویر استعمال کرنے سے روکے جانے کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر سپریم کورٹ سے نااہل قرار دیے گئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تصویر اشتہارات اور بینرز پر لگائی جاسکتی ہے تو حافظ محمد سعید کی تصویر کیوں نہیں لگائی جاسکتی جن کے متعلق اعلیٰ عدالتوں کے فیصلے موجود ہیں کہ ان کیخلاف کوئی جرم ثابت نہیں ہے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے محمد یعقوب شیخ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ محمد یعقوب شیخ حلقہ این اے 120میں انتخابی مہم کے دوران حافظ محمد سعید جو کہ پچھلے چھ ماہ سے زائد عرصہ سے اپنی رہائش گاہ پر نظر بند ہیں‘ کی تصاویر استعمال والے اشتہارات اور بینرز نہیں لگاسکتے جس کے بعد این اے 120کے مختلف علاقوںمیں لگائے گئے ایسے اشتہارات، بینرز اور ہورڈنگز اتارنے کا باقاعدہ سلسلہ شروع کر دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

محمد یعقوب شیخ انرجی سیور کے انتخابی نشان سے الیکشن لڑ رہے ہیں اور حلقہ میں ان کی پوزیشن دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح بہت مضبوط دکھائی دیتی ہے۔این اے 120کے مختلف علاقوںمیں ہونے والے محمد یعقوب شیخ کے جلسوں اور کارنر میٹنگوں میں لوگوں کا رش دیکھنے میں آتا ہے اور ڈور ٹو ڈور مہم کے دوران مقامی لوگوں کی جانب سے بھرپور استقبال کیا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :