نواز شریف نے پاکستان خوشحال نہیں ’’ خوشحال پاکستان‘‘ کو بدحال بنایا‘ میاں محمود الرشید

لندن ہوں یا گوالمنڈی کی گلیاں گو نواز گو کا نعرہ ملک لوٹنے والوں کو سننا ہی پڑے گا ‘ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی

ہفتہ 9 ستمبر 2017 21:41

نواز شریف نے پاکستان خوشحال نہیں ’’ خوشحال پاکستان‘‘ کو بدحال بنایا‘ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2017ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ نواز شریف نے پاکستان خوشحال نہیں ’’ خوشحال پاکستان‘‘ کو بدحال بنایا، لندن ہوں یا گوالمنڈی کی گلیاں گو نواز گو کا نعرہ ملک لوٹنے والوں کو سننا ہی پڑیگا، جمعہ کو لاہور نہیں این ای120کا کامیاب جلسہ ہوا،17ستمبر کو عوام پانامہ پر عدلیہ کے فیصلے کی توثیق کرینگے اور بلے کو کامیاب بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پارٹی کارکنان کے مختلف وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ وفود میں عامر قریشی، امجد بھٹی، اعجاز خان، نوید بھٹی، میاں شکیل، غلام مصطفی، محمد روئوف، پیر سہیل، محمد ندیم، عبدالرحمان خالد اسلام و دیگر شامل تھے، اس موقع پر میاں محمودالرشید نے کارکنان کو این اے 120میں ڈور ٹو ڈور مہم تیز کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پارٹی آفس جمع کرانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

وفود سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمودالرشید نے کارکنان کو این اے 120کا جلسہ کامیاب بنانے پر مبارک باد دی۔ دریں اثنا ء انار کلی لاہور اور اس سے ملحقہ علاقوں میں رابطہ عوام مہم میں حصہ لیا اور پارٹی پیغام کو گھر گھر پہنچایا۔ انکے ہمراہ این اے 120کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد، شیخ امتیاز، حافظ ذیشان رشید، زبیر نیازی و دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمودالرشید نے مسلم لیگ ن اپنی انتخابی مہم کی آڑ میں عوام کو عدلیہ اور دیگر ملکی اداروں کیخلاف اکسا رہی ہے۔

اس پر سپریم کورٹ کو ازخود نوٹس لینا چاہئے، ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ ملک میں بڑے جلسوں اور بڑے اسٹیڈیم کو عوام سے بھرنے کی روایت تحریک انصاف نے ڈالی، جمعے کے روز لاہور نہیں صرف این ای120کا انتخابی جلسہ تھا جس کسی کو غلط فہمی ہے انشاء اللہ17ستمبر کو دور ہو جائیگی۔ مریم نواز کے حطاب سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نا اہل نواز شریف نے پاکستان خوشحال نہیں ’’ خوشحال پاکستان‘‘ کو بدحال بنایا، لندن ہوں یا گوالمنڈی کی گلیاں گو نواز گو کا نعرہ ملک لوٹنے والوں کو سننا ہی پڑیگا، 17ستمبر کو عوام پانامہ پر عدلیہ کے فیصلے کی توثیق کرینگے اور بلے کو کامیاب بنائیں گے۔