پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کے پاس فنڈز ختم ، ملازمین کو عید الاضحیٰ پر بھی تنخواہ نہ مل سکی

ستمبر کے 10دن گزرنے کے باوجود ملازمین تاحال اگست کی تنخواہ کے منتظر ، ملازمین نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا

اتوار 10 ستمبر 2017 17:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 ستمبر2017ء) پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کے پاس فنڈز ختم ہوگئے ۔کارپوریشن کے ملازمین کو عید الاضحیٰ پر تنخواہ نہیں، ستمبر کے 10دن گزرنے کے باوجود ملازمین تاحال اگست کی تنخواہ کے منتظر ہیں ، ملازمین نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا،کارپوریشن کا ایم ڈی توتعینات کردیا گیا ہے لیکن تاحال اس نے چارج نہیں سنبھالا ، اسلام آباد اور لاہور سٹیشن کے مجموعی طور پر 350افسران اور عملے کے ملازمین تنخواہوں کے منتظر ہیں ۔

آل پاکستان ایمپلائز یونین کے جنرل سیکرٹری راجہ عمر حیات کے مطابق پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کے اسلام آباد سٹیشن کے 350جبکہ لاہور سٹیشن کے 150 چھوٹے ملازمین اور افسران اگست کی تنخواہ کے منتظر ہیں ۔

(جاری ہے)

عید الاضحیٰ پر سرکاری محکموں اور کارپوریشنوں کے ملازمین کو اگست کی تنخواہ دے دی گئی تھی تاہم پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کے پاس فنڈز نہ ہونے کے باعث ملازمین نے بغیر تنخواہوں کے عید کی اور اب ستمبر کے 10دن گزرنے کے باوجود اگست کی تنخواہ نہیں دی جا سکی ۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی سٹیشن پر پرنٹنگ کارپوریشن کے ملازمین کو مقامی طورپر فنڈز کا انتظام کر کے عید سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے کارپوریشن کے نئے ایم ڈی کی تعیناتی تو کردی گئی ہے لیکن تاحال انہوں نے اپنے عہدے کا چارج نہیں سنبھالا ۔ تمام ملازمین وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں ۔