پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بیش بہا قربانیاں دی ہیں،برکس کا حالیہ اعلامیہ ہرگز پاکستان کے خلاف نہیں

پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید کا اے پی پی کو انٹرویو

پیر 11 ستمبر 2017 15:38

پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بیش بہا قربانیاں دی ہیں،برکس کا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2017ء) پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ٹھوس بنیادوں پر معاونت بھی کی ہے۔ برکس کی جانب سے جاری حالیہ اعلامیہ ہرگز پاکستان کے خلاف نہیں کیونکہ پاکستان خود دہشتگردی کا شکار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ ابھرتی معیشتوں کی تنظیم ’’برکس ‘‘ کے حالیہ سربراہی اجلاس میں جاری ہونے والے اعلامیے میں علاقے میں موجود عسکریت پسندگروپوں کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے جن کا پاکستان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل نے ان عسکریت پسند گروپوں کو دہشتگرد قرار دے رکھا ہے اور پاکستان اس کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان کی چین کے ساتھ دوستی بہت مضبوط ہے اور بھارت کی جانب سے اس دوستی پر اثر انداز ہونے کا کوئی امکان نہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اور چین دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے دوہرے معیار پر یقین نہیں رکھتے، اس معاملے میں ان کا ایک جیسا مئوقف ہے۔مشاہد حسین سید نے کہا کہ برکس کی جانب سے جاری حالیہ اعلامیہ ہرگز پاکستان کے خلاف نہیں کیونکہ پاکستان خود دہشتگردی کا شکار ہے۔