سندھ ہائی کورٹ نے شازیہ مری کی جعلی ڈگری سے متعلق درخواست پر فریقین کو جواب داخل کرنے کے لئے تین اکتوبر تک مہلت دے دی

پیر 11 ستمبر 2017 15:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2017ء) سندھ ہائی کورٹ نے پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری کی جعلی ڈگری سے متعلق درخواست پر فریقین کو جواب داخل کرنے کے لئے تین اکتوبر تک مہلت دے دی۔پیر کو سندھ ہائیکورٹ کے ڈویژنل بینچ نے پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری کی جعلی ڈگری سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل کے مطابق شازیہ مری نے 2002 کے عام انتخابات میں جامعہ کراچی سے شازیہ نامی لڑکی کی ڈگری پر الیکشن لڑا۔

شازیہ مری نے جعلسازی کے ذریعے ڈگری نکلوائی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ نااہلی سے بچنے کیلیے ڈگری سے مماثلت رکھنے والا جعلی شناختی کارڈ بھی بنوایا۔ وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ شازیہ مری کی ڈگری کو جعلی اور انہیں اسمبلی رکنیت سے نا اہل قرار دیا جائے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ اب ڈگری کے معاملے کا انتخابات سے کوئی تعلق نہیں،پھر اس درخواست کی کیا افادیت ہے۔ وکیل درخواست گزار نے استدعا کی نئے انتخابات قریب ہیں۔ درخواست کا فیصلہ جلد کیا جائی. درخواست گزار ووٹر ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق درخواست دائر کرسکتا ہے۔عدالت نے موقف سننے کے بعد فریقین کے وکلا سے 3 اکتوبر تک جواب طلب کرلیا۔

متعلقہ عنوان :