سی پیک خود مختاراور ترقی یافتہ پاکستان کی جانب اہم سنگ میل ہے‘رضا علی گیلانی

تاریخی منصوبے کی کامیابی تارکین وطن کو بھی پاکستان واپسی پر مجبور کرے گی‘وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب پنجاب یونیورسٹی شعبہ تاریخ و علوم پاکستان اورمحکمہ ہائر ایجوکیشن کے اشتراک سے تین روزہ سی پیک انٹرنیشنل کانفرنس کاآغاز

پیر 11 ستمبر 2017 18:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2017ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری کا منصوبہ ناصرف پاکستان اور چین بلکہ اس خطہ کیلئے ایک گیم چینجر ثابت ہو گا، سی پیک پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اہم سنگ میل ہے، اس تاریخی منصوبے کی کامیابی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی وطن واپسی پر مجبور کرے گی اور ہمارے ہنرمند افراد پاکستان آ کر خدمات سرانجام دینے میں فخر محسوس کریں گے، سی پیک کی تکمیل اور گوادر پورٹ کے آپریشنل ہونے سے ملکی معیشت پر دوررس اثرات ہوں گے اور ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں گئی گنا اضافہ ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے پنجاب یونیورسٹی میں شعبہ تاریخ و علوم پاکستان اور محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کے اشتراک سے سی پیک بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی سیشن کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تین روزہ کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں قائم مقام وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرتقی زاہد بٹ ، وائس چانسلر بینظیر شہید یونیورسٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر رضیہ سلطانہ، نائب صدر نینجنگ یونیورسٹی چائنہ پروفیسر ڈاکٹر ذو کن باؤ، ڈی جی پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد سرویہ، ڈین و چیرپرسن شعبہ تاریخ و علوم پاکستان پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چاولہ، ڈائریکٹر شعبہ تاریخ نینجنگ یونیورسٹی چائنہ پرفیسر ڈاکٹر یو وینجی کے علاوہ طلباء و اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہا کہ حکومت چین کے معترف ہیں کہ انہوں نے سی پیک کی راہ میں رکاوٹوں کی پرواہ نہیں کی اور پاکستان کی ترقی کے اس منصوبے کیلئے عالمی طاقتوں سے جھگڑا مول لیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب صوبہ کے اعلی تعلیمی اداروں کو بین الاقوامی معیار کے برابر لانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

رضا علی گیلانی نے کہا کہ محکمہ اعلی تعلیم وزیراعلی کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو اعلی تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کر رہا ہے۔ تقریب سے خطاب میں قائم مقام وی سی پروفیسر ڈاکٹرتقی زاہد بٹ نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی نے منصوبے کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سب سے پہلے سی پیک انٹٹیگریٹڈسینٹر کی بنیاد رکھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں چین،برطانیہ ، آسٹریلیا، پولینڈاور پاکستان سے سکالرز حصہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس سے سی پیک کے حوالے سے اٹھنے والے شکوک و شبہات اور سوالات کا جواب ملے گا۔وائس چانسلر بینظیر شہید یونیورسٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر رضیہ سلطانہ نے کانفرنس میں سی پیک کے فوائدپرتفصیلی بریفنگ دی۔ نائب صدر نینجنگ یونیورسٹی چائنہ پروفیسر ڈاکٹر ذو کن باؤ نے اپنے خطاب میں کہا کہ چین اور پاکستان کی جامعات میں اشتراک کوبڑھا رہے ہیں جس سے طلباء و اساتذہ کے ایکسچینج پروگرام میں مدد ملے گی۔