حکومت کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے، سندھ زون کے صدر عمران فاروق

پیر 11 ستمبر 2017 18:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2017ء) ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان(سندھ زون) کے صدرعمران فاروقی نے کہا ہے کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ایل پی جی کی قیمت میں مسلسل اضافہ جاری ہے جس کا خمیازہ ملک بھر کے غریب عوام بھگت رہے ہیں،موسم سرما کی آمد کا قبل ازوقت فائدہ اٹھاتے ہوئے بلیک مافیا سرگرم ہوچکا ہے اور ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے گزشتہ چند روز کے دوران ایل پی جی کی قیمتوں میں مجموعی طور پرفی کلو15روپے سے بھی زائد کا اضافہ کردیا ہے جس کے بعدکراچی میں فی کلو ایل پی جی کی قیمت بڑھ کر110روپے تک جاپہنچی ہے جبکہ گھریلو سیلنڈر کی قیمت میں250روپے کا اضافہ ہوگیاہے اسی طرح کمرشل سیلنڈر کی قیمت800 روپے بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مقامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ مقای پروڈیوسر نہیں بلکہ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیاں ہیں،پروڈیوسر مہینہ میں ایک بار ایل پی جی کے ریٹس جاری کردیتے ہیں جبکہ مارکیٹنگ کمپنیاں آئے دن ایل پی جی کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیتی ہیں۔

(جاری ہے)

عمران فاروقی نے بتایا کہ سردیوں کی آمد سے پہلے ہی پاکستان کی غریب عوام کو لوٹنے کیلئے بلیک مارکیٹنگ میں ملوث مافیا سرگرم ہورہا ہے جنہیں قابو کرنے کیلئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو فوری اقدامات کیلئے حکم جاری کرنا ہوگا۔