فیصل آباد :چیف ایگزیکٹو فیسکومجاہد اسلام اللہ کے احکامات

محرم الحرام کے دوران امام بارگاہوں اور ذوالجناح کے روٹس پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے ایمر جنسی سکواڈ قائم کر نے کے احکامات جاری

پیر 11 ستمبر 2017 19:23

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2017ء) چیف ایگزیکٹو فیسکومجاہد اسلام اللہ نے چاروں سرکلز کے ایس ای صاحبان کو محرم الحرام کے دوران امام بارگاہوں اور ذوالجناح کے روٹس پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے ایمر جنسی سکواڈ قائم کر نے کے احکامات جاری کئے ہیں۔وہ فیسکو ہیڈ کوارٹر میںمنعقدہ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کیلئے محرم الحرام کے جلوسوں اور محافل کیلئے مطلوبہ سامان اور آلات سے آراستہ فیسکوکی گاڑی اور ماہر عملہ موجود ہو گا۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ہر جگہ فیسکو کی مختلف ٹیمیں تشکیل دے کر ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے امام بارگاہوں ، ذوالجناح اور تعزیہ کے روٹس کا ازسرنو جائزہ لیا جائے اور اِن روٹس پر تاروںکے نظام کو مزید بہتر بنائیں اور مسلسل نگرانی کرتے رہیں کہ اس دوران عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو نے مزید کہا کہ فیسکوہیڈکواٹرز میں خصوصی سیل بنایا جائے گا اور ایمر جنسی سکواڈ میں شامل ملازمین اور افسران کی چھٹیاں فی الفور منسوخ کر کے اِ ن کی 24گھنٹے دستیابی کو یقینی بنا یا جائے گا تا کہ اِن مقدس ایام میں بجلی کے ہنگامی مسائل کو فی الفور حل کیاجا سکے اور عزاداری اور لا اینڈ آرڈر کے کاموں میں خلل نہ پڑے۔ اس کے علاو ہ صارفین کی خدمت کیلئے ریجن بھر میں کمپلینٹ ریڈر سیل اور ریپڈ ریسپانس یونٹس بھی24گھنٹے کُھلے رہیں گے۔

قبل ازیں چاروں سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجنئیرز نے انھیں سلائیڈز کی مدد سے اپنے اپنے سرکل کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر چیف کمرشل آفیسر مجاہد پرویز چٹھہ، چیف انجنئیر آپریشن عامل صدیقی، چیف انجنئیر ٹی اینڈ جی بلال ارشاداور دیگر فیسکو افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :