ورلڈ الیون کی پاکستان آمد، سوشل میڈیا پر بھی پرتپاک استقبال

شائقین کر کٹ کے علاوہ سابق کپتانوں وسیم اکرم،رمیز راجہ،محمد حفیظ،وقار یونس سمیت متعدد کر کٹرز کی جانب سے پیغامات

پیر 11 ستمبر 2017 20:54

ورلڈ الیون کی پاکستان آمد، سوشل میڈیا پر بھی پرتپاک استقبال
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 ستمبر2017ء) جنوبی افریقی کپتان فاف ڈیوپلیسی کی قیادت میں آئی سی سی ورلڈ الیون کے کھلاڑی پاکستان ٹیم سے تین بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے لاہور پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے سربراہ نجم سیٹھی اور صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ سمیت بورڈ کے اعلی عہدیداران نے لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر بین الاقوامی کرکٹ اسٹارز کا خیر مقدم کیا۔

لیکن یہ پرجوش خیر مقدم صرف ائیرپورٹ تک ہی محدود نہیں تھا، سوشل میڈیا بھی اس موقع پر اپنے زبردست ردعمل کا اظہار کرتا نظر آیا اور پاکستانی کرکٹ لیجنڈز سمیت دیگر ٹوئٹر صارفین نے بھی اپنے پیغامات کے ذریعے ملک میں کرکٹ کی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مختلف ٹرینڈز بھی سماجی روابط کی مشہور ویب سائٹ ٹوئٹر کی زینت بنے رہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر وسیم اکرم کا اس تاریخی موقع پر کہنا تھا کہ وہ قوم کے دل لاہور کی جانب رواں ہیں جہاں قوم کے پسندیدہ ترین کھیل کے دوسرے جنم کے سب ہی منتظر ہیں۔

ماضی کے کرکٹر اور مشہور کمنٹیٹر و تجزیہ کار رمیز راجا کا ورلڈ الیون کی آمد پر کہنا تھا کہ کرکٹ ہوا میں تحلیل ہے اسے محسوس کیا جاسکتا ہے۔پاکستان کو پکارتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کیا قوم میدانوں میں واپس لوٹنے اور شور مچانے کے لیے تیار ہے۔فاسٹ بولر، پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ وقار یونس نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ لاہور کی جانب رواں دواں ہوں، 8 سال پہلے سلسلہ جہاں ٹوٹا تھا وہیں سے جوڑوں گا، میرے ساتھ آئیں اور تاریخ رقم کریں۔

بین الاقوامی کھلاڑیوں کا پرجوش استقبال کرتے ہوئے کرکٹر محمد حفیظ نے کہا کہ ہمیں آپ کی میزبانی پر بے حد خوشی ہے، مجھے یقین ہے آپ کو پاکستان کی مہمان نوازی پسند آئے گی۔جنید خان نے کرکٹ اسٹارز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے خالی میدانوں کے دوبارہ بحال ہونے کی امید ظاہر کی۔وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے بھی انٹرنیشنل کھلاڑیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کرکٹ کی بحالی کے لیے تیار ہوجائے۔

اظہر محمود نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں کرکٹ کی وطن واپسی پر کھلاڑیوں اور حکام کا شکریہ ادا کیا۔کرکٹر عمر اکمل کے ٹوئٹر اکانٹ سے جاری ہونے والے پیغام میں کہا گیا کہ وہ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی پر انتہائی پرجوش ہیں اور نہ صرف وہ بلکہ اس تاریخی موقع پر ہر کوئی پرجوش ہے۔