فاٹا کی 7 ایجنسیوں اور 6 ایف آرز کے لئے پی ایس ڈی پی میں 24010 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں‘

فاٹا یونیورسٹی کی تعمیر اورفنڈز کے شفاف انداز میں استعمال کے لئے پراجیکٹ ڈائریکٹر لگایا جا رہا ہے وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ کا قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال

پیر 11 ستمبر 2017 21:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ فاٹا کی 7 ایجنسیوں اور 6 ایف آرز کے لئے پی ایس ڈی پی میں 24010ملین روپے مختص کئے گئے ہیں‘ فاٹا یونیورسٹی کی تعمیر اورفنڈز کے شفاف انداز میں استعمال کے لئے پراجیکٹ ڈائریکٹر لگایا جارہا ہے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ثریا جتوئی کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ 24010 ملین روپے کی مخصوص کردہ رقم میں سے وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے لئے 4802 ملین روپے کی رقم جاری کردی ہے۔

جاری کردہ رقم سے 449 ملین روپے فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور فاٹا اے ڈی پی کی 603 منظور شدہ سکیموں کے لئے 4320 ملین روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

482 ملین ناگزیر وجوہات کے لئے رکھے گئے ہیں جس کی ادائیگی دو ماہ میں ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر تین ماہ کے بعد قسط دی جاتی ہے۔ جنید اختر کے ضمنی سوال پر وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ فاٹا میں یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔ تین ارب فنڈز مختص کئے گئے تھے لیکن استعمال نہیں ہوئے۔ اس پر فاٹا سیکرٹریٹ سے وضاحت طلب کرلی ہے۔ اس پراجیکٹ کے لئے ایک پراجیکٹ ڈائریکٹر بھی مقرر کیا جارہا ہے تاکہ تعمیرات بہتر اور فنڈز کا ٹھیک استعمال ہو سکے۔