این اے 120میں انتخابی مہم کی خلاف ورزی پر 9لیگی رہنمائوں ،2پی ٹی آئی رہنمائوں کو نوٹسز جاری

(ن) لیگ کے کیپٹن (ر) محمد صفدر ، طلال چوہدری ، بلال یاسین ، مائزہ حمید ، سیف الملوک کھوکھر ، شائستہ پرویز ملک ، ماجد ظہور ، حناء پرویز بٹ اور میاں طارق ، پی ٹی آئی کے محمود الرشید ، سعدیہ سہیل رانا سے 3روز میں جواب طلب ریٹرنگ آفیسر نے سرکاری ٹی وی پر (ن) لیگ کی انتخابی مہم کے معاملے پر پی ٹی وی کیخلاف کیس الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا

پیر 11 ستمبر 2017 22:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2017ء) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120میں انتخابی مہم کی خلاف ورزی پر کیپٹن (ر) محمد صفدر اور طلال چوہدری سمیت 7لیگی رہنمائوں اور تحریک انصاف کے میاں محمود الرشید اور سعدیہ سہیل رانا کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 3روز میں جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا جبکہ ریٹرنگ آفیسر نے سرکاری ٹی وی پر مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کے معاملے پر پی ٹی وی کے خلاف کیس الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا ۔

گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے این اے 120 میں انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر ، طلال چوہدری ، بلال یاسین ، مائزہ حمید ، سیف الملوک کھوکھر ، شائستہ پرویز ملک ، ماجد ظہور ، حناء پرویز بٹ اور ڈپٹی میئر لاہورمیاں طارق کو نوٹسز جاری کیے ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید اور رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل کو بھی نوٹسز جاری کیے ۔

ان تمام افراد سے 3روز میں جواب طلب کیا گیا ہے ۔ شوکاز نوٹسز میں الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کے متعلق بھی بتایا جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم، وفاقی و صوبائی وزرا، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی حلقے میں شیڈول جاری ہونے کے بعد دورہ نہیں کر سکتے اور نہ ہی انتخابی مہم میں حصہ لے سکتے ہیں۔دوسری جانب لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 120 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ہونے والے انتخابی مہم کے کے دوران سرکاری ٹی وی پر مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم نشر ہونے کے معاملے پر ریٹرننگ آفیسر نے کیس الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا ۔

ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے لکھے گئے خط میں مقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی وی نے 10 ستمبر کو مریم نواز کی لاہور میں ریلی کی کوریج کی ہے جو کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن ایک قومی ادارہ ہے، اور ایک قومی ادارہ صرف ایک سیاسی جماعت کی ریلی کو کوریج کیوں دے رہا ہی پی ٹی وی کو چاہئے کہ این اے 120میں تمام جماعتوں کے امیدواروں کو یکساں کوریج دے۔