گنگارام ہسپتال میں پہلے ’’ایپی لپسی‘‘ کلینک اور لیب کا افتتاح

سٹیٹ آف دی آرٹ نیوروفائی سولوجی لیب میں ویڈیوای ای جی سمیت جدید میڈیکل ٹیسٹوں کی سہولت میسر ہو گی نیوروالوجی ڈیپارٹمنٹ فاطمہ جناح یونیورسٹی میں قائم کلینک سرکاری ہسپتالوں کا پہلا ’’ایپی لپسی‘‘ کلینک ہے،مریضوں کو بین الاقوامی معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں گی، وائس چانسلر کا تقریب سے خطاب

پیر 11 ستمبر 2017 23:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 ستمبر2017ء) گنگا رام ہسپتال میں پہلے ’’ایپی لپسی‘‘ کلینک قائم کر دیا گیا۔ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فخر امام نے ’’ایپی لپسی‘‘ کلینک کا افتتاح کیا۔انہوں نے نیورالوجی ڈیپاٹمنٹ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں نیوروفائی سولوجی لیب کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان، پروفیسر ڈاکٹر طاہرہ مرتضیٰ چیمہ،پروفیسر ڈاکٹر احسن نعمان، پروفیسر ڈاکٹر اطہر جاوید، پروفیسر ڈاکٹر منظور احمد، ڈاکٹر نصر اللہ، پروفیسر ڈاکٹر شمسہ ہمایوں، انچارج نیورالوجی وارڈاکٹر محمد عدنان اسلم، ڈاکٹرز، طلبا اور دیگر ماہرین اور حکام نے شرکت کی۔

گنگا رام ہسپتال میں اپنی مدد آپ کے تحت قائم ہونے والا’’ایپی لپسی‘‘ کلینک سرکاری ہسپتالوں کاپہلا ’’ایپی لپسی‘‘ کلینک ہے جبکہ سٹیٹ آف دی آرٹ نیوروفائی سولوجی لیب میں ای ای جی، ویڈیو ای ای جی، این سی ایس، ای ایم جی سمیت دیگر جدید؂ترین میڈیکل ٹیسٹوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر فخرامام نے تختی کی نقاب کشائی کر کے ’’ایپی لپسی‘‘ کلینک اور نیورو فائی سولوجی لیب کا افتتاح کیا۔

بعد ازاں نیورالوجی وارڈ کے انچارج اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد عدنان اسلم نے تقریب کے شرکاء کو پہلے ’’ایپی لپسی‘‘ کلینک اور نیوروفائی سولوجی لیب کے اغراض و مقاصد اور افادیت سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر محمد عدنان اسلم نے بریفنگ میں بتایا کہ دنیا بھر میں 5کروڑ افراد مرگی یعنی ایپی لپسی کا شکار ہیں اور عالمی سطح پر سالانہ25لاکھ نئے کیس رپورٹ کئے جاتے ہیں۔

ڈاکٹر عدنان اسلم نے بتایا کہ پاکستان میں 20لاکھ سے زائد افراد مرگی کے مرض میں مبتلا ہیں۔ مرگی کے مریضوں کی شرح شہروں کی نسبت دیہات میں زیادہ ہے۔ اس کی وجہ توہم پرستی ہے۔ ڈاکٹر عدنان اسلم نے تقریب کے آخر میں شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں شریک طبی ماہرین نے سرگنگا رام ہسپتال میں پہلے ’’ایپی لپسی‘‘ کلینک کو سنگ میل قرار دیا ہے۔