زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں انڈرگریجوایٹ ڈگری پروگرامز میں داخل ہونے والے نئے طلبہ کی استقبالیہ تقریب کا انعقاد

منگل 12 ستمبر 2017 23:55

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2017ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں انڈرگریجوایٹ ڈگری پروگرامز میں داخل ہونے والے نئے طلباء و طالبات کی استقبالیہ تقریب اقبال آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ دی ایگریرین سوسائٹی کے زیراہتما م منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر جبکہ مہمان اعزاز ڈین کلیہ زراعت پروفیسرڈاکٹر محمد امجد تھے۔

اپنے خصوصی خطاب میں وائس چانسلرڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کرنے والے نوجوانوں کوخوش آمدید کہتے ہوئے مبارکباد پیش کی کہ وہ ایسی بہترین جامعہ کا حصہ بننے جا رہے ہیںجو اپنی سبجیکٹ کیٹیگری میں دنیا کی 100بہترین دانش گاہوں میں شامل ہے۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ خود کوعلم و ہنر سے آراستہ کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر مقابلے کا چیلنجز قبول کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ یونیورسٹی میں اپنے قیام کے دوران اپنی پوری توجہ حصول علم پر مرکوز رکھیں اور کوئی ایک پریڈ بھی نہ چھوڑیں کیونکہ اس صورت میں وہ دوسرے طلبہ سے پیچھے رہ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اور اس سے باہر سرکاری عہدوں کے بجائے انسانیت کوفوقیت دیتے ہوئے اپنے سے ہر بڑے کا احترام کریں کیونکہ پھل ہمیشہ اُسی درخت کو لگتا ہے جو جھکا ہوا ہوتا ہے۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ یونیورسٹی قیام کے دوران ناظم اُمور طلبہ اور ہاسٹل سسٹم کے مروجہ قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور خود کوہر ایسے کام یا سرگرمی سے دور رکھیں جس سے امن عامہ کی صورتحال میں خرابی کا اندیشہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ان دنوں جامعات میں زیرتعلیم طلبہ میں شدت پسندی کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے تاہم یونیورسٹی انتظامیہ کی کوشش ہوگی کہ اساتذہ نوجوانوں کے تدریسی‘ تحقیقی اور نفسیاتی مسائل اور اُلجھنوں میں ان کی رہنمائی کیلئے ہمہ وقت دستیاب رہیں،استقبالیہ تقریب سے ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر محمد امجد‘ ڈین کلیہ زرعی انجینئرنگ و ٹیکنالوجی ڈاکٹر اللہ بخش‘ ڈین کلیہ سائنسز ڈاکٹر اصغر باجوہ‘ ڈین کلیہ فوڈ نیوٹریشن و ہوم سائنسز ڈاکٹر مسعود صادق بٹ‘ چیف ہال وارڈن ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی‘ ناظم اُمور طلبہ ڈاکٹر شہباز طالب ساہی‘ ڈاکٹر سجادالرحمن‘ ڈاکٹر محمد اشفاق‘ ڈاکٹر عبدالواحد‘ ڈاکٹر سلطان علی عادل‘ ڈاکٹر حفیظ احمد صداقت‘ عمر سعید قادری‘ ڈاکٹر محمد اسلم خاں‘ ڈاکٹر ہارون زمان خان اور سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر اطہر جاوید نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :