امریکی ریاست فلوریڈا میں سمندری طوفان ارما سے ہلاکتوں کی تعداد 12 ہوگئیں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ (آج) فلوریڈا کا دورہ کرکے نقصانات کا جائزہ لیں گے

بدھ 13 ستمبر 2017 11:41

میامی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2017ء) امریکی ریاست فلوریڈا میں سمندری طوفان ارما سے ہلاکتوں کی تعداد12 ہوگئیں۔ امریکی ادارے ایمرجنسی منیجمنٹ کے فلوریڈا ڈویژن کے سربراہ البرٹو موسکوزو نے ایک بیان میں کہا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور سڑکیں اور گلیاں صاف کی جارہی ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ (آج) جمعرات کو ریاست فلوریڈا کا دورہ کر کے ارما سے نقصانات کا خود جائزہ لیں گے۔

(جاری ہے)

وائٹ ہائوس سے جاری بیان میں کہا ہے کہ صدر ٹرمپ طوفان سے متاثرہ علاقوں میں مختلف امدادی اداروں کی طرف سے جاری کارروائیوں بارے مسلسل آگاہی حاصل کر رہے ہیں۔ ریاست کے کئی متاثرہ علاقوں میں ابھی تک بجلی کی فراہمی بحال نہیں کی جا سکی تاہم والٹ ڈزنی ورلڈ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ سمندری طوفان کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کو جس حد تک ہو سکا اپنے ہاں قیام کی سہولت فراہم کریں گے۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ متاثرین کو کھانا بھی فراہم کریں گے۔متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ ان علاقوں کے مکین بھی آہستہ آہستہ اپنے گھروں کو واپس آنا شروع ہو گئے ہیں۔