آرمی چیف کا دورہ آسٹریلیا،

سیاسی وعسکری قیادت سے ملاقاتیں

بدھ 13 ستمبر 2017 14:52

آرمی چیف کا دورہ آسٹریلیا،
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2017ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دفاعی شعبے میں تعلقات کے فروغ سے تعلیم اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہوگا جبکہ آسٹریلیا کی سول وعسکری قیاد ت نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان اور پاک فوج کے کردار اور قربانیوں کو سراہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے سرکاری دورہ آسٹریلیا کے دوران سول اور عسکری قیادت کے نمائندوں سے ملاقاتیںکیں۔ آرمی چیف نے آسٹریلیا کی سینیٹ کمیٹی برائے خارجہ ودفاعی امور کے حکام سے بھی ملاقات کی ۔ کمیٹی کے سربراہ ڈیوڈ فاسیٹ بھی ارکان کے ہمراہ تھے۔ پاک فوج کے سربراہ کی آسٹریلین چیف آف ڈیفنس سٹاف ایئر چیف مارشل مارک بنسکن سے بھی ملاقات ہوئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری ڈیفنس گریک موریارٹی اور ایئر چیف ایئر مارشل کیون ڈیویزبھی موجود تھے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جائنٹ آپریشنز اور پلاننگ ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے آسٹریلین سٹرٹیجک پالیسی انسٹیٹیوٹ اور آفس آف نیشنل اسسمنٹ کے دورے کے دوران تبادلہ خیال کیا۔ آسٹریلیا کی سول اور عسکری قیادت دونوں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے پاکستانی قوم اور فوج کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ وہ پاکستان کیلئے آسٹریلیا کے خیر سگالی جذبات اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ کی خواہش پر ان کے ممنون ہیں۔پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعلقات کے فروغ سے مستقبل میں بالخصوص تعلیم اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو وسعت ملے گی۔

متعلقہ عنوان :