پانامہ کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل کا کچھ نہیں بنے گا،قمرزمان کائرہ

الیکشن کمیشن سویا ہواہے اسکا کسی بھی چیز پر کنٹرول نہیں رہا الیکشن کمیشن اپنے ہی قوانین پر عملدرآمد نہیں کروا سکتا تو بہتر ہے کہ ان قوانین کو بدل دے،پی پی رہنمائوں کی پریس کانفرنس

بدھ 13 ستمبر 2017 18:57

پانامہ کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل کا کچھ نہیں بنے گا،قمرزمان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ اور سیکرٹری جنررل ندیم افضل چن نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانامہ کیس پر آنے والے سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل کا کچھ نہیں بنے گا مسلم لیگ ن کی صفوں میں پیدا ہونے والی دراڑیں خلاء بن چکی ہیں جسے پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت کیلئے پر کرنا انتہائی مشکل ہے انہوں نے کہا کہ لاہور سے حلقہ این اے 120 کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن سویا ہواہے الیکشن کمیشن کا کسی بھی چیز پر کنٹرول نہیں رہا الیکشن کمیشن اپنے ہی قوانین پر عملدرآمد نہیں کروا سکتا تو بہتر ہے کہ ان قوانین کو بدل دے انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 120 کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی دھجیاںبکھیر رہے ہیں مریم نواز کوئی عہدہ نہ رکھنے کے باوجود اپنی ریلیوں میں اور ملاقاتوں میں سرکاری وسائل استعما ل کررہی ہیں نوے شاہراہ مریم نواز کے زیر استعمال ہے اور انتخابی مہم پر کروڑوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ این اے 120 کے الیکشن میں ووٹروں کی بائیو میٹرک تصدیق قانون کے مطابق نہیں اس حلقے میں ترقیاتی کام سرکاری وسائل کا استعمال اور لیگی وزراء و اراکین اسمبلی کا انتخابی مہم میں حصہ لینا عروج پر ہے بہتر ہے الیکشن کمیشن یہ الیکشن خود کروانے کی بجائے ڈی سی او لاہور اور کمشنر لاہور کے ذریعے کروا دے دونوں رہنمائوں نے کہا کہ تمام سرکاری اداروں کو اپنا اپنا کردار اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے ادا کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ہٹ دھرمی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے ایل ڈی اے کے ذریعے اورنج لائن ٹرین منصوبے کا ریکارڈبھی جلوا دیا ہے انہوں نے کہا کہ چودہ ستمبر کو پیپلزپارٹی لاہور قرطبہ چوک مزنگ چونگی میں جلسہ کر یگی انہوں نے اس احتساب اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ کرپشن میں ملوث لوگوں کو احتساب کے نام پر لالی پاپ دینے کی بجائے ان کاحقیقی احتساب کریں۔