وزیر خارجہ خواجہ آصف ترکی کے کامیاب دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

بدھ 13 ستمبر 2017 22:41

وزیر خارجہ خواجہ آصف ترکی کے کامیاب دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2017ء) وزیر خارجہ خواجہ آصف ترکی کے کامیاب دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔جہاں انہوںنے ترکی کے صدر طیب اردگان ، وزیر اعظم اور ترک ہم منصب سے ملاقاتیں کیں۔وزیر خارجہ نے ترک قیادت سے ملاقات کے دوران دونوںممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات ، خطے کی صورتحال، افغانستان اور کشمیر کے مسئلہ پر بھی بات چیت کی۔

خواجہ آصف نے ترک صدر کے ساتھ ملاقات کے دوان روہنگیا میں مسلمانوںپر ہونے والے مظالم اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پر بھی گفتگو کی۔ترک صدر طیب اردگا ن کے ساتھ ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے ترکی کے ساتھ سیاسی ، اقتصادی ، دفاع اور باہمی تعلقات کے فروغ میں تعاون کے ذریعے اسٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ترک صدر نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں پائیدار امن خطے میں استحکام کیلئے اہم ہے اور انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اورترکی افغانستان میں امن واستحکام کیلئے ملکر کام کرینگے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ ملاقاتیں کامیاب رہیں ، چین، ایران اور ترک قیادت کے ساتھ ملاقات کے دوران انہوں نے پاکستان کا موقف بیان کیا۔

انہوںنے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی افغانستان اور جنوبی ایشیاء کے بارے میں پالیسی کو پاکستان نے مسترد کردیا ہے ۔ جس کے بعد پاکستان نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مشاورت کی ہے ۔ افغانستان میں امن ، خطے کی سلامتی کیلئے اہم ہے۔ ایران، چین اور ترکی نے پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے بتایا کہ وزیر خارجہ 19ستمبر کو اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس کیلئے وزیراعظم کے ہمراہ امریکہ جائیں گے۔ توقع ہے کہ سائیڈ لائن ملاقاتوں میں امریکہ، روس کے وزراء خارجہ کے ساتھ بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔21ستمبر کو وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرینگے۔ شمیم محمود

متعلقہ عنوان :