میانمار کو اس وقت تک ہتھیاروں اور دیگر فوجی سازوسامان کی فروخت معطل کر دی جائے، فرحت اللہ بابر

بدھ 13 ستمبر 2017 22:46

میانمار کو اس وقت تک ہتھیاروں اور دیگر فوجی سازوسامان کی فروخت معطل ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 ستمبر2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے بدھ کو سینیٹ میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ میانمار کو اس وقت تک ہتھیاروں اور دیگر فوجی سازوسامان کی فروخت معطل کر دی جائے جب تک وہاں مسلمانوں کو تحفظ نہیں دے دیا جاتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جے ایف تھنڈر جیٹ، اسلحہ اور دیگر فوجی سامان جو میانمار کو فروخت کیا جاتا ہے وہ روہنگیا کے خلاف استعمال ہونے کے امکانات کم ہیں لیکن پھر بھی یہ تمام ہتھیار میانمار کو ایک سختی کرنے والی ریاست بناتے ہیں جو اپنے عوام کو دبا کر رکھتی ہے اور عالمی برادری کی باتوں پر عمل کرنے سے انکار کر تی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میانمار کی حکومت کو اسلحہ دینا اس بات کی حوصلہ افزائی کرے گا کہ وہ روہنگیا کے لوگوں کی جان اور مال کا دشمن بنا رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ واہگہ کے ذریعے افغان ٹرانزٹ تجارت کی اجازت اس دلیل پر دینے سے انکار کر دیا تھا کہ مضبوط معیشت والا بھارت پاکستان کے خلاف مزید سخت موقف اختیار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دلیل پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کی تھی اور اسی دلیل کی بنیاد پر ہم فوجی ہتھیار اور سازو سامان میانمار کو دینے سے انکار کر دیں۔

متعلقہ عنوان :