کراچی، شہر میں آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات، حادثات کے تدار ک کیلئے جلد ہی فائر فائٹنگ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جارہاہے،صوبائی وزیر ناصرحسین شاہ

بدھ 13 ستمبر 2017 22:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2017ء) صوبائی وزیر اطلاعات ، محنت و ٹرانسپورٹ سید ناصرحسین شاہ نے کہا ہے کہ شہر میں آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات، حادثات اور اس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کے پیش نظر اور اس سلسلے میں تدارک و اقدامات اور موثر و مربوط حکمت عملی کیلئے جلد ہی فائر فائٹنگ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جارہاہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سائٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے دی جانے والی ایک تقریب کے موقع پر صنعتکاروں سے اپنے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری لیبر سندھ رشیدسولنگی، سیکریٹری ورکرزویلفیئربورڈ آصف میمن ودیگر متعلقہ افسران اور ممتاز صنعتکار بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حادثات کے موقع پر لوگوں کی مدد کیلئے کراچی شہر میں جلد ہی ایک اسنارکل کا اضافہ ہوگا جبکہ شہر کی ضروریات کے پیش نظر مزید اسنارکل خریدی جائینگی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ ترجیحی اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صنعتکاروں، تاجروں اور سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ مراعات فراہم کرنے اور ان کی مشکلات دور کرنے کی خصوصی ہدایات کی ہیں۔ لہٰذا حکومت چاہتی ہے کہ صنعتکاروں کے دیرینہ موجودہ مسائل کو فوری طور پر حل کیاجائے اور ان کی مشکلات دور کی جائیں۔

میری سائٹ کے صنعتکاروں سے ملاقات اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ حکومت کو صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل و مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے۔ ناصرحسین شاہ نے کہاکہ محنت کشوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگرصنعتکار سندھ کے لیبرلاز میں کسی بھی قسم کی ترمیم یا اضافہ چاہتے ہیںتو حکومت ان کے ساتھ ہے اور وزیراعلیٰ سندھ کی بھی یہی مرضی ہے۔

صوبائی وزیر نے صنعتکاروں کو یقین دلایا کہ ان کی وزارت سے متعلقہ باڈیز میں صنعتکاروں کو بھی نمائندگی دی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ کراچی سرکلر ریلوے ایک اہم منصوبہ اور عوام کی ضرورت بھی ہے۔ اس پر تیزی سے کام جاری ہے۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پر 25دسمبر 2017کو اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھاجائیگا۔صوبائی وزیر نے کہاکہ ٹرانسپورٹ کے مسائل بہت ہیں اور اس مسئلہ کا شکار محنت کش و مزدور طبقہ بھی ہے لہٰذا عوام کی مشکلات کے پیش نظر فوری طور پر کراچی میں 637بسوں کو چلانے کا منصوبہ ہے جس کے تحت شہر میں دو ماہ کے اندر یہ بسیں سڑکوں پر لانے کی تیزی سے تیاری جاری ہے اس سلسلے میں قانون کے تقاضوں کو جلد سے جلد پورا کیا جارہا ہے۔

صوبائی وزیر نے صنعتکاروں کو ٹرانسپورٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہاکہ حکومت کی پُرکشش آفر سے سرمایہ کار بھی فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اورنگی نالے کے حوالے سے کام کی رفتار کو تیز کرایاجائیگا۔ فرینڈلی لیبرلاز بنائے جائینگے۔ سانحہ بلدیہ کے حوالے سے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچایاجائیگا۔ مکمل تحقیقات کی جائینگی۔

صوبائی وزیر نے صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنی فیکٹری میں کام کرنے والے ہر ورکرز کی سو فیصد رجسٹریشن کرائیں کیونکہ یہ آجر اور اجیر دونوں کے حق کیلئے بہتر ہے۔ اسوقت صرف30% ورکرز رجسٹرڈ ہیں جبکہ 70%غیررجسٹرڈ ورکرز کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ رجسٹریشن کے سلسلے میں حکومت صنعتکاروں کی ہر ممکن مدد کرے گی اور ان کی معاونت کریگی جبکہ کسی بھی قسم کی پنلٹی نہیں لگائی جائیگی۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ محکمہ محنت کے تحت اسکولوں، ہسپتالوں اور محنت کشوں کی کالونیوں کی حالت کو بہتر بنایا جارہا ہے اور اس سلسلے میں مختلف اقدامات جاری ہیں۔ ناصرحسین شاہ نے صنعتکاروں سے کہاکہ مسائل کے اعلیٰ سطحی حل کیلئے جلد ہی صنعتکاروں کی چیئرمین بلاول بھٹو سے ملاقات کرائی جائیگی ۔ تقریب سے ممتاز صنعتکارسراج قاسم تیلی، زبیرموتی والا، جاوید بلوانی، مجیدعزیز کے علاوہ صدرسائٹ ایسوسی ایشن اسد نثار اور دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا اور صنعتی علاقے اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل و مشکلات تفصیلی بیان کیں۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کی جانب سے وزیرمحنت و اطلاعات سیدناصرحسین شاہ کو یادگارشیلڈ بھی پیش کی گئی۔#

متعلقہ عنوان :