حج کے ناقص انتظامات کی ذمہ داری سعودی حکومت پر ڈالنے کیخلاف سعودی سفارتخانہ بھی میدان میںآ گیا

ترجمان وزارت مذہبی امور کے بیان پر افسوس کا اظہار

بدھ 13 ستمبر 2017 23:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2017ء) وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج کے ناقص انتظامات کی ذمہ داری سعودی حکومت پر ڈالنے کے خلاف سعودی عرب کا سفارتخانہ بھی میدان میں اگیا ہے سفارتخانے کی جانب سے وزارت مذہبی امور کے ترجمان کی جانب سے پاکستانی حجاج کو درپیش مشکلات کے حوالے سے جاری کئے گئے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے پاکستانی حجاج کو سہولیات کی فراہمی کیلئے جتنے معاہدے کئے گئے تھے ان کے مطابق پاکستانی حجاج کو سہولیات فراہم کی گئی تھی انہوںنے بتایاکہ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کی جانب سے میڈیا میں جو تاثر پھیلایا جا رہا ہے وہ حقائق کے منافی ہے انہوں نے کہاکہ پاکستانی حجاج کو سعودی عرب میں رہائش گاہوں ،ٹرانسپورٹ اور کھانا فراہم کرنے کی ذمہ داری پاکستانی حکام پر عائد ہوتی ہے اور اس ضمن میں جو بھی کوتاہیاں ہوئی ہیں اس کی ذمہ داری بھی پاکستانی حکام پر عائد ہوتی ہے انہوںنے کہاکہ سعودی کمپنیوں او رپاکستانی حکام کے مابین ہونے والے معاہدوں کی تصدیق کے بغیر پاکستانی حکام کوئی ویزہ جاری نہیں کرتے ہیں اور پاکستانی حجاج کو سعودی عرب میں جو بھی خدمات درکار ہوتی ہیں اس کیلئے پاکستان سعودی کمپنیوں کے ساتھ باقاعدہ معاہدہ کرتا ہے اور معاہدے میں جو بھی شرائط طے ہوتی ہیں ان کے مطابق پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کی جاتی ہیں انہوں نے وضاحت کی ہے کہ پاکستانی حکام نے اپنے حجاج کیلئے جو بھی سہولیات مانگی تھی اسی کے مطابق فراہم کی گئی ہیں اس سلسلے میں جب وزارت مذہبی امور کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے سعودی سفارتخانے کی جانب سے وضاحتی خط ملنے کی تصدیق کی تاہم انہوں نے کہاکہ وزارت مذہبی امور نے حج کیلئے بہترین انتظامات کئے تھے اور وہاں پر پاکستانی حجاج کو جو بھی مشکلات پیش آئی ہیں ان کی ذمہ داری سعودی حکومت پر عائد ہوتی ہے ۔

۔۔۔۔اعجاز خان