پی آئی اے شدید مالی بحران کا شکار ہو گیا، ملازمین کو دو ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہوسکی

ملازمین کو دو ماہ سے تنخواہ نہ ملنے کی باتیں درست نہیں ، واجب الادا ایک ماہ کی تنخواہ کا بندوبست کر لیا گیا ہے ، آج ادا کر دی جائے گی ، مشکلات پر قابو پانے کے لئے ادارے کو اپنے وسائل پیدا کرنے ہونگے ، ہم پی آئی اے کو بحران سے نکالنے کے لئے کوشاں ہیں ،مشیر ہوا بازی سردار مہتاب کی گفتگو

بدھ 13 ستمبر 2017 23:19

پی آئی اے شدید مالی بحران کا شکار ہو گیا، ملازمین کو دو ماہ سے تنخواہوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 ستمبر2017ء)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی ای) شدید مالی بحران کا شکار ہو گیا،پی آئی اے انتظامیہ نے ملازمین کو دو ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہ کی، عیدالاضحی کے موقع پر بھی ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی نہ کی جا سکی، ملازمین نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیاجب کہ وزیر اعظم کے مشیر ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ دو ماہ کی تنخواہیں نہ ملنے کی باتیں غلط ہیںایک ماہ کی تنخواہ بقایا تھی جو آج ادا کر دی جائے گی ، وزارت خزانہ نے فنڈز دینے سے انکار کر دیا ہم ادارے کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لئے کوشاں ہیں ۔

ذرائع کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی ای)کا خسارہ دن بدن بڑھتا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے گزشتہ دو ماہ سے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے عید الاضحی کے موقع پر وزارت خزانہ سے سپیشل گرانٹ کیلئے بھی درخواست دی تھی مگر وزارت خزانہ نے پی آئی اے کو مزید امداد دینے سے انکار کر دیا تھا۔

سول ایوی ایشن کے ترجمان سے رابطہ کرنے پر انہوں نے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے حوالے سے کسی بھی قسم کا رد عمل دینے سے انکار کردیا ہے۔ دوسری جانب پی آئی اے ملازمین نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے نوٹس لینے کابھی مطالبہ کیا ہیجب پی آئی اے ملازمین کو تنخواہ نہ ملنے کے معاملے پر مشیر ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ دو ماہ کی تنخواہیں نہ ملنے کی باتیں درست نہیں ایک ماہ کی تنخواہ واجب الادا تھی جس کے لئے انتظام کرلیا گیا ہے اور وہ آج ادا کر دی جائے گی انہوں نے کہا کہ ہم پی آئی اے کو مشکلات سے نکالنے کے لئے ہر ممکن کوششیں کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی آمدنی میں اضافہ کرے اور وسائل پیدا کرے تاکہ ملازمین کی تنخواہوں سمیت دیگر ضرورتیں پوری کی جا سکیں کیونکہ ادارے میں کمائی ہو گی تبھی ادارے کی تمام ضروریات پوری کی جا سکیں گی ۔ سردار مہتاب نے کہا کہ جب سے میں آیا ہوں ادارے کی بہتری کے لئے کوششیں کر رہا ہوں ۔ اس دوران جہازوں کی حالت ٹھیک کی گئی اور باقی بھی معاملات میں کافی پیش رفت ہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے نئے چیف ایگزیکٹو نے وزارت خزانہ سے پی آئی اے کے بحران کے حل کے حوالے سے رابطہ کیا تھا تو وزارت خزانہ نے فنڈز دینے سے انکار کر دیا کہ ادارہ اپنے وسائل پیدا کرے اور آمدن میں اضافہ کرے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد سے ہم نے پوری کوشش کی ہے کہ ادارے کو اپنی آمدن اور وسائل کے تحت اپنے پائوں پر کھڑا کیا جائے اور بحران پر قابو پایا جائے ۔