فلسطین میں عیسائی برادری کی یہودی آباد کاروں کی جانب سے مذہبی رہنما عطا اللہ حنا کی مسلسل کردار کشی کی شدید مذمت

سرکردہ فلسطینی شخصیات کیخلاف جاری مذموم صہیونی مہم بند کرنے کا مطالبہ

جمعرات 14 ستمبر 2017 15:11

فلسطین میں عیسائی برادری کی یہودی آباد کاروں کی جانب سے مذہبی رہنما ..
مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2017ء) فلسطین میں عیسائی برادری نے یہودی آباد کاروں اور صہیونی تنظیموں کی طرف سے سرکردہ مذہبی رہنما عطا اللہ حنا کی مسلسل کردار کشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے سرکردہ فلسطینی شخصیات کے خلاف جاری مذموم صہیونی مہم بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق القدس میں مسیحی برادری کے رہنما اور آرتھوڈوکس فرقے کے بشپ عطا اللہ حنا کے معانین نے ’فیس بک‘ پر پوسٹ ایک بیان میں کہا ہے کہ یہودی شرپسندوں کی طرف سے عطا اللہ حنا کو گالیاں دینے اور انہیں یہودیوں کا دشمن باور کرانے کی مذموم مہم جاری ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہودی شرپسندوں کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بشپ عطا اللہ حنا کیخلاف اکسایا جا رہا ہے، یہودیوں کی شرمناک مہم کے بعد عطا اللہ حنا کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بشپ عطا اللہ حنا گزشتہ روز بیت المقدس میں رومن آرتھوڈوکس چرچ سے باہر نکلے تو بدمعاش صفت یہودی غنڈوں نے ان کا پیچھا کیا، ان کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور انہیں گالیاں دیں۔ یہ سارا تماشا صہیونی پولیس کی نگرانی میں ہوا کیونکہ پولیس کچھ ہی فاصلے پر موجود یہ سب کچھ دیکھ رہی تھی۔