عبدالرشید ترابی کی برما میں مسلمانوں کی نسل کشی کیخلاف قانون سازاسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد منظور کرلی گئی

برمامیں نہتے مسلمانوں کو قتل کیا جارہا ہے جو پوری دنیا کیلئے چیلنج ہے ،اقوام متحدہ چیپٹر 4کے مطابق برمی حکومت کے خلاف کارروائی کرے ، اجلاس سے خطاب

جمعرات 14 ستمبر 2017 15:31

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2017ء) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے برما میں مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف قانون سازاسمبلی میں قرارداد پیش کی جو منظور کرلی گئی ،اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ نریند ر مودی نے برما کا دورہ اس کے بعد برما کی حکومت نے مسلمانوں کے خلاف جنگ شروع کی اور لاکھوں مسلمانوں کو بے گھر اور ہزاروں کو شہید کر دیا ،اقوام متحدہ اور دیگر انسانی حقوق کے اداروں نے برما میں ہونے والے مظالم کے خلاف موثر اقدامات نہیں کیے جو افسوس ناک ہیں برمامیں نہتے مسلمانوں کا قتل عام کیا جارہا ہے جو پوری دنیا کے لیے چیلنج ہے اقوام متحدہ چیپٹر 4کے مطابق برمی حکومت کے خلاف کاروائی کرے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانہوں نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،عبدالرشید ترابی کی پیش کردہ قرارداد میں لکھا گیا ہے کہ یہ ایوان برما میں نہتے برمی مسلمانوں کے خلاف مظالم کی شدید مذمت کرتا ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں مسلمان شہید اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں برمی حکومت منظم ریاستی دہشت گردی کے ذریعے مسلمانوں کی نسل کشی کررہی ہے عالمی ذرائع ابلاغ اور ریلیف ایجنسیوں کو رسائی نہ دینے پر ایوان تشویش کا اظہار کرتا ہے ،برمی مسلمانوں کی نسل کشی کو نریندر مودی حوصلہ افزائی کررہے ہیں جس پر ایوان تشویش کا اظہار کرتا ہے ،روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف اقوام متحدہ کا موثر اقدام نہ اٹھانا بھی باعث تشویش ہے ،قانون ساز اسمبلی برمی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ چپٹر 4کے مطابق برمی حکومت کے خلاف کاروائی کرے ،ایوان او آئی سی سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ اس انسانی المیہ کے خلاف لائحہ عمل طے کرے ،تمام اسلامی ممالک ترکی کے صدر طیب رجب اردگان کی تقلید کرتے ہوئے لائحہ عمل بنائیں اور برمی مسلمانوں کی امداد کا اہتمام کریں یہ ایوان حکومت پاکستان جو پہلے ہی لاکھوں برمی مسلمانوں کی میزبانی کررہی ہے اس پر تحسین کرتے ہوئے مزید اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے ۔