Live Updates

امیرمقام نے عمران خان اور پرویز خٹک کو جھوٹے الزامات لگانے پرپچاس،پچاس کروڑ روپے مالیت کے ہتک عزت کے نوٹس بھجوادئیے

جمعرات 14 ستمبر 2017 20:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2017ء) وزیر اعظم کے مشیر وپاکستان مسلم لیگ(ن)خیبرپختونخواکے صوبائی صدرانجینئرامیرمقام نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک کو جھوٹے الزامات لگانے پرپچاس،پچاس کروڑ روپے مالیت کے ہتک عزت کے نوٹس بھجوادئیے۔نوٹس میںانجینئرامیرمقام کے وکیل بیرسٹرسیف نے موقف اختیارکیاہے کہ عمران خان اور پرویزخٹک غیر حقیقت پرمبنی اورمن گھڑت بیانات واپس لیتے ہوئے 14دن کے اندراندرغیرمشروط معافی مانگیں ورنہ ان کے خلاف مزیدقانونی چارہ جوئی عمل میںلائی جائیگی۔

مشیر وزیراعظم امیر مقام کی جانب سے عمران خان اور پرویز خٹک کو سینیٹر بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف کے ذریعے الگ الگ قانونی نوٹس بھجوائے گئے ہیں، نوٹس میں کہاگیا کہ عمران خان نے تین اگست2017 کو نجی ٹی وی انٹرویو میں امیر مقام پر جھوٹے، بے بنیاد، من گھڑت اور توہین آمیز الزامات عائد کرکے ان کی شہرت اور نیک نامی سمیت انکے سیاسی ساکھ کوناقابل تلافی نقصان پہنچایاگیا۔

(جاری ہے)

عائشہ گلالئی کے الزامات کے جواب میں عمران خان نے یہ جھوٹ بولا کہ اس سب کے پیچھے امیر مقام ہے اور یہ کہ اسے پیسہ دیاگیا ہے، پرویز خٹک نے بیان دیا کہ عائشہ گلالئی کو امیر مقام نے پی ٹی آئی کی بدنامی کے لئے خریدا۔ نوٹس میں کہاگیا کہ امیر مقام اپنے علاقے اور ملک بھر میں سیاسی ساکھ اور عزت کے حامل سیاستدان ہیں، ان بے بنیاد الزامات کی وجہ سے ان کی اور ان کے خاندان کی عزت کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی، نوٹس میں عمران خان اور پرویز کو چودہ دن کی مہلت دیتے ہوئے کہاگیا کہ وہ اپنے الزامات فی الفور واپس لے کر عوام کے سامنے معافی مانگیں ایسا نہ کرنے پر دیوانی اور فوجداری کارروائی کی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات