سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاع جی ایچ کیو، ایل او سی چکوٹھی سیکٹر اور شمالی وزیرستان ایجنسی کا دورہ کرے گی

قائمہ کمیٹی کے دورہ جی ایچ کیو میں سینئرفوجی حکام کمیٹی کو مشرقی و مغربی بارڈر پر سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دیں گے

جمعرات 14 ستمبر 2017 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 ستمبر2017ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع جی ایچ کیو، ایل او سی چکوٹھی سیکٹر اور شمالی وزیرستان ایجنسی کا دورہ کرے گی، قائمہ کمیٹی کے دورہ جی ایچ کیو میں سینئرفوجی حکام کمیٹی کو مشرقی و مغربی بارڈر پر سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع 18ستمبر بروز پیر کو جی ایچ کیو ہیڈکوارٹر کا دورہ کرے گی،کمیٹی اپنے دورہ جی ایچ کیو کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات اور یادگار شہداء پر حاضری دے گی۔

اس موقع پر پاک فوج کی جانب سے کمیٹی کو مشرقی و مغربی بارڈر پربریفنگ دی جائے گی۔سینیٹ ذرائع کے مطابق قائمہ کمیٹی برائے دفاع 19ستمبر روز منگل کو چکوٹھی بٹالین ہیڈکوارٹرز لائن آف کنٹرول کشمیر کا دورہ کرے گی جبکہ قائمہ کمیٹی 20ستمبر بروز بدھ کو شمالی وزیرستان ایجنسی فاٹا کا دورہ کرے گی۔