شاہد آفریدی اور یونس خان نے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں شرکت سے انکار کردیا

پی سی بی نے شاہد آٖفریدی اور یونس خان کی ایک ایک کروڑ روپے کی انعامی رقم ایدھی فائونڈیشن کو عطیہ کرنے کا اعلان کردیا

جمعہ 15 ستمبر 2017 01:30

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2017ء) )لاہور کے نجی ہوٹل میں مصباح الحق ،شاہد آفریدی اور یونس خان کے اعزاز میں ہونے والی تقریب میں ورلڈ الیون میں شامل انٹرنینشل کرکٹرز، آئی سی سی کے نمائندے، پی سی بی آفیشلز اور قومی کرکٹرز نے شرکت کی لیکن مصباح الحق تو تقریب میں شرکت کے لئے آئے لیکن شاہد آفریدی اور یونس خان نے تقریب میں آنے سے انکار کردیا ۔

اس موقع پر سابق کپتان مصباح الحق کو امتیاز احمد اسپرٹ آف دی کرکٹ کے ساتھ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی دیا گیا جب کہ یونس خان اور شاہد آفریدی کے تقریب میں شریک نہ ہونے کی وجہ سے انہیں کوئی ایوارڈ نہیں دیا گیا ۔ یاسر شاہ ٹیسٹ، بابر اعظم ون ڈے، عماد وسیم ٹی ٹوئنٹی کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، ایمرجنگ پلیئر کا ایوارڈ حسن علی اور شاداب خان کو ملا، سرفراز احمد اور اظہر علی سال میں غیرمعمولی کارکردگی دکھانے والے کرکٹرز کا ایوارڈ لے اڑے۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہد آفریدی اور یونس خان کی طرف سے تقریب میں شرکت سے انکار کے بعد ان کو دیئے جانے والے ایک، ایک کروڑ روپے ایدھی فائونڈیشن کو عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ شاہد آفریدی اور یونس خان بورڈ کے نہیں بلکہ پوری قوم کے ہیروز ہیں، کاش وہ یہاں آتے، تو ان کو لائف ٹائم اچیو منٹ ایوارڈ کے ساتھ ساتھ ایک ایک کروڑ روپیہ بھی دیا جاتا لیکن ان کے تقریب میں نہ آنے سے ان کا ایک ایک کروڑ روپیہ ا یدھی فائونڈیشن کو عطیہ کر دیں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ مصباح الحق پاکستان کے کامیاب ترین کپتان ہیں جس پر سابق کپتان نے بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ والدین کے بتائے ہوئے راستے پر چلا اور کامیابیاں حاصل کیں، ورلڈ الیون کی آمد پر پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے اٹھایا جانے والا قدم خوش آئند ہے۔

متعلقہ عنوان :