سپریم کورٹ نے آئین و قانون کے مطابق فیصلہ دیا،ہم کہتے رہے کہ عدالتوں کا احترام کریں لیکن روڈ شو ہوتے رہے جن کا انہیں نتیجہ ملا ہے،جب تک یہ اپنی اصلاح نہیں کرتے ان کے ساتھ یہی ہو گا، حلقہ این اے 120کی الیکشن مہم میں وزراء اور ان کی ٹیم پوری طرح دخل اندازی کر رہی ہے اور سرکاری مشینری کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے

مسلم لیگ (ق) پنجاب کے صدر و سابق ڈپٹی وزیراعظم چوہدری پرویز الٰہی کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 15 ستمبر 2017 18:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 ستمبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) پنجاب کے صدر و سابق ڈپٹی وزیراعظم چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے آئین و قانون کے مطابق فیصلہ دیا،ہم کہتے رہے کہ عدالتوں کا احترام کریں لیکن روڈ شو ہوتے رہے جن کا انہیں نتیجہ ملا ہے،جب تک یہ اپنی اصلاح نہیں کرتے ان کے ساتھ یہی ہو گا، حلقہ این اے 120کی الیکشن مہم میں وزراء اور ان کی ٹیم پوری طرح دخل اندازی کر رہی ہے اور سرکاری مشینری کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔

وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے آئین و قانون کے مطابق فیصلہ دیا ہے، یہ فیصلہ خوش آئند ہے، ہم کہتے رہے کہ عدالتوں کا احترام کریں لیکن روڈز شو ہوتے رہے جن کا انہیں نتیجہ ملا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو یہاں بھی صفائی کا پورا موقع دیا گیا اگر ان کے پاس کوئی نئی چیز ہے تو وہ سامنے لائیں۔

انہوں نے کہا کہ جب تک یہ اپنی اصلاح نہیں کرتے ان کے ساتھ یہی ہو گا، نواز شریف کہتے پھر رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 120کی الیکشن مہم میں وزراء اور ان کی ٹیم پوری طرح دخل اندازی کر رہی ہے اور سرکاری مشینری کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے، حلقہ این اے 120 میں 25سالوں سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے لیکن اس حلقے کا کام صفر ہے۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ اسمبلی اجلاس کا کورم پورا کرناحکومت کا کام ہے مگر حکومت کوئی دلچسپی نہیں لے رہی، اگر جمہوریت کو فروغ دینا ہے تو سیاست میں برداشت ہو گی تو جمہوریت بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ واپس آئی مگر میچز کے دوران لاہور میں انتظامیہ کی وجہ سے لوگ بہت تنگ ہوئے، سکول و کالجز بند ہوئے ہیں،سڑکیں بلاک کی گئیں،انہوں نے نکمے لوگ رکھے ہوئے ہیں۔