محکمہ سیاحت و ثقافت کے زیراہتمام جشن کالام کارنگارنگ تقریب سے آغاز

ْکالام فیسٹیول کی اختتامی تقریب 17ستمبرکومنعقد ہوگی،مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پرویز خٹک ہونگے جشن کالام کے انعقادکا مقصد کالام کوصرف سال میں ایک سیزن کیلئے نہیں بلکہ پورے سال کیلئے آباد کرنا ہے تاکہ سیاح پورا سال کالام کا رخ کر سکیں، سیکرٹری محمد طارق، ایم ڈی مشتاق احمد

جمعہ 15 ستمبر 2017 19:25

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2017ء) صوبہ کی ثقافت و سیاحت کے فروغ اور رونمائی کیلئے ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا اور محکمہ ثقافت کے باہمی اشتراک سے کالام فیسٹیول کا رنگا رنگ تقریب سے آغاز ہوگیا، افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری محکمہ سیاحت ، ثقافت ، کھیل و امور نوجوانان محمد طارق تھے ان کے ہمراہ ڈپٹی سیکرٹری محکمہ کھیل وسیاحت عادل سعید،منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان ، جنرل منیجر ایڈمن اینڈپراپرٹیز سجاد حمید، پاک آرمی ، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کالا م اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں،جشن کالام کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک ہونگے جبکہ اختتامی تقریب 17ستمبر کو منعقد ہوگی، محکمہ ثقافت اورٹورازم کارپوریشن کے زیراہتمام منعقدہ کالام فیسٹیول میں 30سے زائد صوبائی ثقافت پر مبنی سٹالز، صوبہ کے روایتی کھانے ، بچوں کیلئے پلے لینڈ، موسیقی نائٹ ، فوک ڈانس پرفارمنس،شاعری محفل، مختلف ثقافتی و روایتی کھیل، آتش بازی کا مظاہرہ اور بہت کچھ شامل ہے ، تاہم موسیقی نائٹ میں صوبہ کے نامور گلوکار جن میں شاہ سوار، ہمایون خان، میروائس،عظمیٰ فاروق، یسمہ نور، راشد خان، شاہد ملنگ اور دیگر اپنی پرفارمنس کا مظاہرہ پیش کرینگے، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ سیاحت و ثقافت محمد طارق نے کہاکہ کالام کی تعمیر و ترقی کیلئے جاری TAIDUپراجیکٹس سے کالام میں سیاحت فروغ پائے گی اور امید ہے یہاں کی سڑکوں کی تعمیراور بازار میں بیوٹیفیکیشن کے پراجیکٹ کے اس سیزن میں مکمل ہونے سے سیاح کثیرتعداد میں کالام کا رخ کرینگے،منیجنگ ڈائریکٹر مشتاق احمد خان نے کہاکہ کالام فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد کالام کے سیاحتی مقام کو پورے سال کیلئے آباد کرنا ہے تاکہ صرف سیاح گرمی کے سیزن میں ہی اس علاقہ کا رخ نہ کریں بلکہ سردیوں میں بھی ان مقامات کا رخ کیا جائے ، یہاں کی سڑکوں کی تعمیر سے اب سیاحوں کو کالام میں سیرو تفریح کے دوران کسی قسم کی کوئی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا،کالام فیسٹیول کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں دو حصے دو مختلف فرمز کو دیئے گئے ہیں جبکہ ایک حصہ جس میں فیسٹیول میں کلچرل نائٹ کا انعقاد، ثقافتی کھیل و دیگر محکمہ ثقافت کررہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :