پاکستان سائیکلنگ ٹیم 17 ستمبر تک ناروے میں ہونیوالی ورلڈسائیکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے آج روانہ ہوگی

پاکستان واپڈا سے اویس خان اور پاکستان آرمی کے ارسلان انجم مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں

جمعہ 15 ستمبر 2017 20:11

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 ستمبر2017ء) پاکستان سائیکلنگ ٹیم 17 سے 24 ستمبر تک ناروے میں ہونیوالی ورلڈسائیکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے آج روانہ ہو رہی ہے پاکستان واپڈا سے اویس خان اور پاکستان آرمی کے ارسلان انجم مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے ‘یہ کھلاڑی ایلیٹ کیٹیگری میں میدان میں اتریں گے ‘خیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر و کوچ نثار احمد کو ٹیم کا منیجر مقرر کیا گیا ہے ٹیم آج اسلام آباد سے ناروے روانہ ہوگی جبکہ اکیس ستمبر کو ناروے میں ہونیوالی ورلڈ سائیکلنگ کانگرس میں بھی پاکستان کے آفیشلز شرکت کریں گے ان میں پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر کوکب ندیم وڑائچ‘سیکرٹری جنرل سید اظہر علی شاہ اورنثار احمد نائب صدر پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن شامل ہیں اس موقع پر ورلڈ سائیکلنگ فیڈریشن کے انتخابات بھی منعقد کرائے جائیں گے ‘پاکستان سائیکلنگ ٹیم کے منیجر نثار احمد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مقابلوں میں شرکت پاکستان کے لئے بڑا اعزاز ہے اور اس کے لئے بہترین دو کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے امید ہے کہ وہ ان مقابلوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور ان مقابلوں میں شرکت سے ان کے تجربے میں بڑا اضافہ ہوگا ۔