ورلڈ الیون کے کامیاب دورہ سے ثابت ہوگیا پاکستان سپورٹس کیلئے محفوظ ترین ملک ہے،ڈی جی سپورٹس پنجاب

پی سی بی ،سپورٹس بورڈ پنجاب، پولیس، ضلعی انتظامیہ، لیسکو، محکمہ صحت، واسا، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سمیت تمام اداروں نے اہم کردار ادا کیا ہے،پنجاب ذوالفقار احمد گھمن

جمعہ 15 ستمبر 2017 20:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2017ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا ہے کہ ورلڈ الیون کا کامیاب دورہ پاکستان اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان سپورٹس کیلئے محفوظ ترین ملک ہے، دنیا کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ بلاخوف پاکستان آئیں ، مہمان ٹیموں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرینگے، پنجاب حکومت نے مہمان ٹیم کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی ہے اس سے دنیا کو پیغام گیا ہے کہ پاکستان میں سکیورٹی کوئی مسئلہ نہیں، جمعہ کو اپنے ایک بیان میں ڈی جی سپورٹس پنجاب نے کہا کہ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان سے سپورٹس کے کلچر کو فروغ ملے گا اور بین الاقوامی ٹیموں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوگا، ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان سے کرکٹ کے شائقین کو اچھی تفریح اور کرکٹ دیکھنے کو ملی، پنجاب حکومت نے مہمان ٹیم کو وی وی آئی پی سکیورٹی فراہم کی ، ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کو کامیاب بنانے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ،سپورٹس بورڈ پنجاب، پنجاب پولیس، ضلعی انتظامیہ، لیسکو، محکمہ صحت، واسا، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سمیت تمام اداروں نے اہم کردار ادا کیا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب نے شائقین کرکٹ کو نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں بہترین اور عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کی ہیں، سی سی ٹی وی کنٹرول روم سے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے کونے کونے کی نگرانی کی گئی اور ہر شخص پر نظر رکھی گئی جس سے ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کو کامیاب بنانے میں مدد ملی، ڈی جی سپورٹس پنجاب نے مزید کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں عارضی ہسپتال کا قیام بھی عمل میں لایا گیا جہاں ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف ہمہ وقت موجود ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ ہم دنیا کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ بلاخوف وخطر پاکستان آئیں، یہاں پر کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں، پاکستان کے کھلاڑی مختلف کھیلوں میں ناقابل تسخیر رہے ہیں، پاکستان کے عوام سپورٹس سے محبت کرنیوالے ہیں۔