زرعی یونیورسٹی فیصل آباد جموریہ گیمبیاکی زرعی ومعاشی ترقی کیلئے یونیورسٹی آف گیمبیا کے ساتھ بھرپورتعاون کرے گی۔ڈاکٹر اقبال ظفر

ہفتہ 16 ستمبر 2017 00:50

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2017ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد جموریہ گیمبیاکی زرعی ومعاشی ترقی کیلئے یونیورسٹی آف گیمبیا کے ساتھ بھرپورتعاون کرے گی تاکہ وہاں فارم میکانائزیشن کے ساتھ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے سمیت زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کی راہ ہموار کرتے ہوئے عوام کا معیار زندگی بڑھایا جا سکے۔

اس عزم کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے جمہوریہ گیمبیاکے نائب وزیربرائے ہائر ایجوکیشن ‘ ریسرچ ‘ سائنس وٹیکنالوجی مسٹر یحی سریح جالواور یونیورسٹی آف گیمبیا کے وائس چانسلر و سابق ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس و ٹیکنالوجی جامعہ زرعیہ فیصل آباد پروفیسرڈاکٹر فقیر محمد انجم کی قیادت میں یونیورسٹی کا دورہ کرنے والے چار رکنی وفد سے ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

نیوسنڈیکیٹ ہال میں ڈینز و ڈائریکٹرز کے ساتھ ملاقات اور دونوں اداروں کے مابین تعاون کے سمجھوتے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے گیمبیاسے آنیوالے وفد کو طویل آمریت کے بعد جمہوری سفر کے آغاز پر خوش آمدید کہا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ یونیورسٹی آف گیمبیااور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے مابین تعاون کا خیر مقدم کرتے ہوئے دونوں جامعات کو ایک ہی نظر سے دیکھتے ہیں کیونکہ جامعات کے مابین تعلیمی‘ تحقیقی اور پیشہ وارانہ اُمور میں تعاون فروغ پانے سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہرچند90فیصد سے زائد مسلم آبادی پر مشتمل گیمبیامیں زرعی ترقی کو ابھی بہت سی منازل طے کرنا ہے تاہم وہ چاہیں گے کہ برادرمسلم ملک کی زرعی و معاشی ترقی میں یونیورسٹی بھی اپنا کردار ادا کرے۔اس موقع پر گیمبیاکے نائب وزیر برائے ہائر ایجوکیشن مسٹر یحی سریح جالو نے کہاکہ ہم پاکستانی اداروں کے ساتھ تعلقات کونئی بلندیوں سے ہمکنار کرنے کے خواہش مند ہیں جس کے ذریعے دونوں ممالک شاہراہ ترقی پر ایک دوسرے کے تجربے اور مشاہدے سے فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ سال اپریل میں گیمبیا کی اعلیٰ قیادت کے مجوزہ دورہ پاکستان میں باہمی تعلقات کو نئی جہت دی جائے گی جس کے ذریعے دوسرے اُمور کے ساتھ ساتھ دونوں جامعات کے مابین تعاون کو عملی صورت میں آگے بڑھانے کی راہ ہموار ہوگی۔اس موقع پر یونیورسٹی آف گیمبیا کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر فقیر محمدانجم نے کہاگیمبیا کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ مغربی افریقہ کے چھوٹے سے ملک گیمبیامیں طویل آمریت کی وجہ سے زمینی ‘آبی و انسانی وسائل کوخاطر خواہ انداز میں استعمال نہیں کیا جا سکا تاہم جمہوریت کے مختصر سفر میں بہت سے اُمور میں بہتری لائی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گیمبیا میں بہترین کوالٹی اور ذائقے والے آم پیدا ہوتے ہیں تاہم سٹوریج اور ویلیو ایڈیشن کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے انہیں جانوروں کے چارے میں استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ فارم میکانائزیشن نہ ہونے کی وجہ سے روایتی طرز زراعت سے پیداوار نہ ہونے کے برابر ہے جسے بڑھانے کیلئے زرعی انجینئرنگ‘ فوڈ ٹیکنالوجی ‘ پراسیسنگ ‘ ایگرانومی اور تحفظ نباتات جیسے اُمور میں زرعی یونیورسٹی کے ماہرین کی معاونت درکار ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ گیمبیا میں حالیہ جمہوریت کی وجہ سے کامن ویلتھ‘ او آئی سی‘ یورپی یونین جیسے اداروں نے ہماری مدد کیلئے تعاون کا ہاتھ آگے بڑھایا ہے جس سے زرعی و معاشی ترقی کو دیرپابنیادوں پر آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ بعد ازاں مہمان وفد نے انسٹی ٹیوٹ آف سوائل و انوائرمنٹل سائنسز ‘ انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹیکلچرل سائنسز اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس و ٹیکنالوجی کی تحقیقاتی لیبارٹریوں کا بھی دورہ کیا۔

متعلقہ عنوان :