سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع محمد بن عبداللہ العیش کا ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے معزز مہمان کا استقبال کیا

ہفتہ 16 ستمبر 2017 19:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2017ء) سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع محمد بن عبداللہ العیش نے ہفتہ کو ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ پی اے ایف میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک فضائیہ کے ایک چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔

پرنسپل سٹاف آفیسرز کا معزز مہمان سے تعارف کرایا گیا۔ بعد ازاں سعودی نائب وزیر دفاع نے پاک فضائیہ کے سربراہ اہئر چیف مارشل سہیل امان سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی نائب وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار کو سراہا اور مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں اور پاک فضائیہ رائل سعودی فضائیہ کو ایوی ایشن کے شعبہ اور فوجی تربیت میں بھرپور مدد اور تعاون جاری رکھے گی۔ اس دورہ کے دوران سعودی وفد کو پاک فضائیہ کے تنظیمی ڈھانچہ اور پیشہ وارانہ کردار پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔