مولانا سمیع الحق، سردار عتیق ، آزادامیدوارو ں چوہدری پرویز ، ندیم حفیظ ،قیصر محمود ڈار، جمعیت اہلحدیث کے علامہ ابتسام الہٰی ظہیر، امیر جماعت اہلحدیث عبدالغفار روپڑی اورمتحدہ جمعیت اہلحدیث کا حلقہ این اے 120پر یعقوب شیخ کی حمایت کااعلان

ہفتہ 16 ستمبر 2017 20:20

مولانا سمیع الحق، سردار عتیق ، آزادامیدوارو ں چوہدری پرویز ، ندیم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 ستمبر2017ء) دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق، سابق وزیر اعظم آزاد کشمیرسردار عتیق احمد خاں،آزاد امیدوار چوہدری پرویز اختر ایڈووکیٹ، آزاد امیدوار ندیم حفیظ خاں، آزاد امیدوار قیصر محمود ڈار، جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلیٰ علامہ ابتسام الہٰی ظہیر، امیر جماعت اہلحدیث حافظ عبدالغفار روپڑی اورمتحدہ جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے قومی اسمبلی حلقہ این اے 120سے امیدوار محمد یعقوب شیخ کی حمایت کرتے ہوئے اہلیان حلقہ سے اپیل کی ہے کہ وہ آج 17ستمبر کو انرجی سیور پر مہر لگائیں اورنظریہ پاکستان کا تحفظ اور ملکی سلامتی و دفاع کیلئے کردار ادا کرنے والوں کا ساتھ دیں۔

دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ ہمیں یعقوب شیخ کی امانت،دیانت ،آئین پاکستان کے تحفظ اور نظریہ پاکستان کے حوالہ سے بہترین پاکستانی شہری اور محب وطن ہونے پر یقین ہے اس لئے میں این اے 120کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ محمد یعقوب شیخ جن کا انتخابی نشان انرجی سیور ہے آج سترہ ستمبر کو انرجی سیور کے نشان پر مہر لگا کر انہیں کامیاب بنائیں اور محب وطن قیادت کو ملکی بقا کی خاطر آگے لائیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ حلقہ این ای120سے نواز شریف نا اہل ہوئے ہیں اور اسی حلقہ کے ضمنی الیکشن میں محمد یعقوب شیخ آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔ دفاع پاکستان کونسل میں شامل تمام جماعتیں این اے 120کے الیکشن میں محمد یعقوب شیخ کو ووٹ دیں اور انرجی سیور پر مہر لگا کر انہیں کامیاب کروائیں۔سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر و مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان نے حلقہ این اے 120میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آج سترہ ستمبر کو انرجی سیور پر مہر لگا کر یعقوب شیخ کی کامیابی میں کردار اد اکریںکیونکہ وہ جموں کشمیر کے ہمدرد ،خیر خواہ بہی خواہ اور انتہائی مخلص جاندار بھائیوں اور دوستوں میں شامل ہیں۔

ان کی نظریہ پاکستان اور تحریک آزادی کشمیر کے لئے خدمات نہایت قابل قدر اور قابل تحسین ہیں۔آزاد کشمیر کے تباہ کن زلزلہ کے متاثرین ہوں یا ہندوستانی فائرنگ سے متاثرہونے والے بیگناہ،نہتے اور معصوم کشمیر ی عوام کی امداد اور معاونت کرنے والوں میں محمد یعقوب شیخ کا نام سرفہرست ہے۔انہوںنے کہاکہ اس الیکشن کو محض الیکشن نہیں بلکہ اسے ایک بڑے قومی مقصد کا ذریعہ سمجھ کر اپنا ووٹ دیا جائے۔

اس الیکشن میں ایک طرف نواز لیگ ہے جس کے سربراہ نااہل وزیراعظم میاں نواز شریف ہیںجو کشمیری مائوں،بہنوں اور بچوں کے قاتل نریندر مودی اور بھارتی خفیہ ایجنسی کے چیف اجیت ڈوول کی گاڑی چلا کر فیملی کے پروگرام میںلانا اعزاز سمجھتے ہیں۔تو دوسری طر ف محمد یعقوب شیخ جو نظریئے،عقیدے،عمل اور کردارکے اعتبار سے کسی بھی بڑے سے بڑے کشمیری سیاستدان سے زیادہ تحریک آزادی کشمیر کے ہمدرد اور خیر خواہ ہیں۔

سردار عتیق احمد خاں نے کہا کہ جموں کشمیر کے اس حلقے میں موجود رائے دہندگان سے میری پرزور اپیل ہے کہ وہ محمد یعقوب شیخ کو اپنے ووٹ اور اپنے تعاون کا بہتر حقدار سمجھتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں اور اس بات کا اہتمام کریں کہ تحریک آزادی کشمیر کا ہر ایک ووٹ محمد یعقوب شیخ کو پڑے۔آزاد امیدوار چوہدری پرویز اختر ایڈووکیٹ، آزاد امیدوار ندیم حفیظ خاں، آزاد امیدوار قیصر محمود ڈار ،جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلیٰ علامہ ابتسام الہٰی ظہیر، امیر جماعت اہلحدیث حافظ عبدالغفار روپڑی اورمتحدہ جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے بھی حلقہ این اے 120کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انرجی سیور پر مہر لگا کر اسلام و پاکستان کے تحفظ کیلئے قربانیاں پیش کرنے والے یعقوب شیخ کا ساتھ دیں۔

انہوںنے کہاکہ صادق اور امین قیادت کو آگے لائے بغیر وطن عزیز کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنا اور لوگوں کے مسائل حل کرنا ممکن نہیں ہے۔ اب لوٹ کھسوٹ ، نظریہ پاکستان اور کشمیریوں سے بے وفائی کرنے والوں کی سیاست دم توڑ چکی ہے۔ یعقوب شیخ ان شاء اللہ اس الیکشن میں ضرور کامیاب ہوں گے۔یاد رہے کہ تین آزاد امیدوار یعقوب شیخ کی حمایت میں دستبردار ہوئے ہیں۔