پنجاب کابینہ کمیٹی برائے امن و امان بابت محرم الحرام کا فیصل آباد کا دورہ

ہفتہ 16 ستمبر 2017 21:40

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2017ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر پنجاب کابینہ کمیٹی برائے امن و امان بابت محرم الحرام نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور ڈویژنل امن کمیٹی کے ارکان سے میٹنگ کے علاوہ فیصل آباد ڈویژن میں محرم انتظامات کے بارے میں بریفنگ لی ۔ پنجاب کابینہ کمیٹی میں صوبائی وزیر برائے انسداد دہشت گردی کرنل ایوب گادھی ‘ صوبائی وزیر سپورٹس جہانگیرخانزادہ ‘ آئی جی پولیس پنجاب کیپٹن عارف نواز ‘ ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ فیصل شاہکار اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے محمد طاہر شامل تھے ۔

اپنی آمد کے فوری بعد سرکٹ ہائوس میں ڈویژنل امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر انسداد دہشت گردی کرنل ایوب گادھی نے کہا کہ محرم الحرام کے حساس ایام کا شدید تقاضا ہے کہ مذہبی ہم آئنگی اور روا داری کی فضاء مزید مضبوط ہو اور اسلام و ملک دشمن عناصر کو مذموم سازشوں میں کامیابی کا موقع نہ ملے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے وسیع بنیادوں پر اقدامات کئے گئے ہیں جن پر سختی سے عملدرآمد کا ادراک پیدا کرنے کے لئے پنجاب کابینہ کمیٹی کے ارکان صوبہ کے تمام ڈویژنز کا دورہ کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام امن و آشتی اور پیار و محبت کا درس دیتا ہے اور اسلامی تعلیمات پر کاربند رہنے سے کوئی دوسرا ہمیں نقصان پہچانے کی جرات نہیں کر سکتا لہذا علما کرام اور مذہبی رہنما اتحاد و اتفاق اور بھائی چارے کی ایسی فضا قائم رکھیں جس کا عالمی سطح پر بھی موثر پیغام پہنچے کہ ہم متحد ہو کر امن کے خلاف سازشوں کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔

انہوں نے اخوت و یگانگت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی سے متعلق علماء کرام کے شاندار جذبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کی تقریبات میں بھی تمام مکاتب فکر کے علماء کرام باہم شیر و شکر رہیں اور اپنے پیرو کاروں کو بھی رواداری اور باہمی تعاون کا درس دیں ۔ آئی جی پنجاب کیپٹن عارف نواز نے علماء کرام اور امن کمیٹی کے قابل ستائش کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد و اتفاق کے ایسے مضبوط و مستحکم ماحول میں الله کے فضل و کرم سے محرم الحرام کے انتظامات کی کامیابی یقینی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں علما کرام سے قریبی رابطہ ہے اور امن پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی اس سلسلے میں پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے دن رات کوشاں ہے ۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر مومن آغا ‘ آر پی او بلال صدیق کمیانہ ‘ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی ‘ سی پی او افضال احمد کوثر اور دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ‘ ڈی پی اوز نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ڈویژنل و ضلعی امن کمیٹیز کی معاونت و مشاورت سے محرم الحرام میں مزید بہتری لائی گئی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ نشاندہی پر بعض مذہبی مسائل بھی حل کئے گئے ہیں اور امن کمیٹیز کے ارکان کے تعاون سے محرم الحرام کے انتظامات پر بھی کامیاب عملدرآمد کرایا جائے گا تاکہ امن و عامہ میں کوئی خلل نہ آئے ۔اس موقع پر مولانا محمد یوسف انور ‘ صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ‘ سید جعفر نقوی ‘ صاحبزادہ فیض رسول حیدر رضوی ‘ قاری محمد ایوب ‘ مفتی عبدالمعید ‘ پیر اسرار البہار شاہ ‘ سید مسعود الحسن ترمذی و دیگر نے محرم الحرام کے حوالے سے ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی طرف سے محرم الحرام کے انتظامات پر اپنے بھر پور اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ فیصل آباد ڈویژن میں تمام مسالک کے علماء کرام کے مابین مکمل ہم آہنگی ‘ اتحاد و تعاون کی فضا قائم ہے اور محرم الحرام کے دوران امن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے بھر پور تعاون جاری رکھیں گے ۔

اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی ‘ امن و سلامتی کی خصوصی دعا بھی کی گئی ۔ بعدازاں پنجاب کابینہ کمیٹی کے ارکان نے سرکٹ ہائوس میں بریفنگ سیشن میں شرکت کی جسکے دوران ڈویژنل کمشنر مومن آغا ‘ آر پی او بلال صدیق کمیانہ ‘ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سلمان غنی ‘ سی پی او افضال احمد کوثر ‘ ڈپٹی کمشنرجھنگ و چنیوٹ مدثر ریاض ملک ‘ ایوب خاں اور ڈی پی اوز نے محرم الحرام کے انتظامات اور اب تک کئے گئے احتیاطی و انسدادی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ۔

میئرمیونسپل کارپوریشن محمد رزاق ملک ‘ ایم پی اے حاجی خالد سعید‘ ایم این اے شیخ اکرم ( جھنگ )‘ چیئرمین ضلع کونسل جھنگ بابر خاں سیال ‘چیئرمین میونسپل کمیٹی جھنگ شیخ نواز اکرم و دیگر بھی موجود تھے ۔ ڈویژنل کمشنر اور آر پی او نے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن میں عشرہ محرم کے دوران 1489 جلوس اور 4124 مجالس منعقد ہونگی جن میں 20 فلیش پوائنٹس کی نشاندہی کرکے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور انکے تحفظ کے لئے جامع سیکورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ امن کمیٹیز سے مشاورت سے بعض مذہبی مسائل بھی حل کر لئے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس و دیگر سیکورٹی ایجنسیز کی فورسز کی ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ جلوسوں و مجالس کے منتظمین کے رضا کار گارڈز کو بھی حفاظتی امور کے بارے میں تربیت فراہم کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ شعلہ بیان و متنازعہ مقررین پر پابندی ‘ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے علاوہ قابل اعتراض مواد کی اشاعت و تقسیم کی روک تھام کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں ۔

صوبائی وزیر برائے انسداد دہشت گردی کرنل ایوب گادھی نے کہا کہ محرم انتظامات کے نفاذ میں کوئی لچک نہیں ہونی چاہئے اور کسی جگہ پر کوئی معمولی سا بھی مذہبی مسئلہ ہو تو اسے نظر انداز نہ کریں بلکہ فوری حل کریں ۔ انہوں نے اسلحہ کی نمائش ‘ ہوائی فائرنگ ‘ لائوڈ سپیکر کے استعمال ‘ وال چاکنگ اور دیگر پابندیوں پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت کی روشنی میں ارکان پارلیمنٹ ‘ بلدیاتی نمائندوں کی مشاورت و معاونت کو بھی محرم انتظامات میں شامل کریں ۔

انہوں نے کہا کہ اہم جلوسوں و مجالس کی آڈیو وڈیو ریکارڈنگ کو یقینی بنائیں اور سی سی ٹی وی کیمرے فعال رہنے چاہئیں ۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب کیپٹن عارف نواز ‘ ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ فیصل شاہکار اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے محمد طاہر نے کہا کہ نئے کرایہ داروں ‘ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں اور عدالتی مفرروں کو قانون کی گرفت میں لائیں ۔انہوں نے کہا کہ محرم انتظامات کے سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے اہم معلومات کا تبادلہ کرتے ہوئے امن و امان کی صورتحال میں ممکنہ خرابی کو پیشگی بنیادوں پر دور کریں ۔