دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے ناقابل بیان قربانیاں دی ہیں، مشاہد حسین سید

اتوار 17 ستمبر 2017 18:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2017ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالہ سے پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سیّد نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے ناقابل بیان قربانیاں دی ہیں، برکس اعلامیہ پاکستان کے خلاف نہیں کیونکہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

اتوار کو ’’اے پی پی‘‘ سے اپنے ایک انٹرویو میں مشاہد حسین سیّد نے کہا کہ پاکستان نے خطہ سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے بھرپور کوششیں کی ہیں، برکس اعلامیہ خطہ میں موجود عکسریت پسند گروپوں اور تنظیموں کے بارے میں تھا جس پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا، جس کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے عسکریت پسند گروپوں کو دہشت گرد قرار دیا ہے اور پاکستان اس مسئلہ پر سلامتی کونسل کو سپورٹ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی انتہائی مضبوط ہے اور یہ ممکن نہیں کہ بھارت اس دوستی پر اثر انداز ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کا دہشت گردی کے مسئلہ پر یکساں مؤقف ہے اور دونوں ممالک اس عفریت کے مکمل خاتمہ کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے۔

متعلقہ عنوان :