Live Updates

این اے 120کے ضمنی انتخاب میں مختلف پولنگ اسٹیشنز پر (ن) لیگ ،پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان لڑائی جھگڑے کے معمولی واقعات

کارکنوں کی جانب سے ایک دوسرے کی گاڑیوں کا گھیرائو کر کے مخالفانہ نعرے بازی کی جاتی رہی ،فوج ، رینجرز او رپولیس کے جوان بیچ بچائو کراتے رہے کوئنز روڈ پر کارکنوں میں کرسیاں چل گئیں ،ایک پولنگ اسٹیشن پر پی ٹی آئی کی خواتین نے (ن) لیگ کی خاتون کا چہرہ نوچ ڈالا پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے کارکن پر امن رہے ،رانا مشہود پی ٹی آئی کارکنوں کی نعرے بازی کیوجہ سے واپس چلے گئے

اتوار 17 ستمبر 2017 18:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2017ء) حلقہ این اے 120کے ضمنی انتخاب میں مختلف پولنگ اسٹیشنز پر (ن) لیگ اورتحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان لڑائی جھگڑے کے معمولی واقعات ہوئے ، (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے ایک دوسرے کی گاڑیوں کا گھیرائو کر کے مخالفانہ نعرے بازی کی جاتی رہی تاہم پاک فوج ، رینجرز او رپولیس کے جوان بیچ بچائو کراتے رہے،کوئنز روڈ پر پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کے کارکنوں میں کرسیاں چل گئیں تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پا لیا ،ایک پولنگ اسٹیشن پر پی ٹی آئی کی خواتین نے (ن) لیگ کی خاتون کا چہرہ نوچ ڈالا ،پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے کارکن پر امن رہے ۔

تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 120کے بڑے سیاسی معرکے میں 40سے زائد امیدوار میدان میں تھے تاہم سب سے زیادہ جوش و خروش پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کے کارکنوں میں دیکھا گیا اور دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے کے خلاف روایتی حریف کا رویہ اختیار کئے رکھا ۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے کارکنوں کا صرف ایک پولنگ اسٹیشن پر (ن) لیگ کے کارکنوں سے نعرے بازی کا مقابلہ ہوا ۔

مزنگ چوک میں لیگی کارکنوں نے پی ٹی آئی کے قافلے کو روک لیا اور گھیرائو کر کے شدید نعرے بازی کی جس کے جواب میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی طرف سے بھی نعرے بازی کی گئی ۔ اس دوران صورتحال کشیدہ ہو گئی تاہم پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جس نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو اپنے حصار میں لے کر وہاں سے روانہ کر دیا ۔ اس دوران دونوں جانب سے مسلسل مخالفانہ نعرے بازی کی جاتی رہی ۔

کوئنز روڈگنگا رام کے قریب انتخابی کیمپ آفس میں (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم ہو گیا او رایک دوسرے پر کرسیاں پھینکی گئیں تاہم پاک فوج ، رینجرز اور پولیس نے فوری موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کر لیا ۔ کریم پارک میں پی ٹی آئی کی خواتین نے (ن) لیگ کی ایک خاتون سے جھگڑا کیا اور اس کا چہرہ نوچ ڈالا ۔ نہرو پارک میں لیگی کارکنوں نے پی ٹی آئی کی گاڑی کا گھیرائو کر کے نعرے بازی کی جس سے فضاء کشید ہ ہو گئی تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر پی ٹی آئی کی گاڑی کو اپنے حصار میں لے کر وہاں سے روانہ کر دیا ۔

اس دوران لیگی کارکن رو عمران رو جبکہ پی ٹی آئی کے کارکن چور چور،سارا ٹبر چور ہے کے نعرے لگاتے رہے ۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے پاک ترک سکول افغان پارک کا دورہ کیا جہاں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے چور ، چور ،سارا ٹبر چور ہے کے شدید نعرے لگانے شروع کر دئیے اور سکیورٹی کی صورتحال کے باعث رانا مشہود وہاں سے واپس چلے گئے ۔ دیو سماج روڈ پر بھی جہانگیر خان ترین میڈیا سے گفتگو کر کے جیسے ہی روانہ ہوئے تو وہاں پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کے کارکنوں کا آمنا سامنا ہو گیا اور ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی تاہم رینجرز کے جوانوں نے بیچ بچائو کرتے ہوئے دونوں جماعتوں کے کارکنوںکو پیچھے دھکیل دیا ۔

پریم نگر پولنگ اسٹیشن پر بھی (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کارکن آمنے سامنے آ گئے او رمخالفانہ نعرے بازی کی ۔ اس دوران کارکنوں میں ہاتھا پائی بھی ہوئی تاہم پولیس نے بیچ بچائو کراتے ہوئے دونوں کو پیچھے دھکیل دیا ۔ اس موقع پر لیگی کارکنوں نے پولیس اہلکاروں سے بھی بد تمیزی اور ہاتھا پا ئی کی ۔ علاوہ ازیں پولنگ کا مقررہ وقت ختم ہونے پر سکیورٹی اہلکاروں نے دروازے بند کر دئیے اور ووٹرز کو اندر داخل ہونے سے روکدیا جس پر ووٹرز اندر داخل ہونے کے لئے اصرار کرتے رہے ۔پولنگ کا وقت ختم ہونے اور گنتی کا عمل شروع ہوتے ہی کارکنوں نے اپنی اپنی قیادت کے حق میں نعرے بازی شروع کر دی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات