ایف سی سی آئی الٹی میٹ لائنز کلب کی روہنگیا مسلمانوں کیلئے سرکاری سطح پر ریلیف فنڈ قائم کرنے کی اپیل

پیر 18 ستمبر 2017 14:47

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2017ء) ایف سی سی آئی الٹی میٹ لائنز کلب نے برما کے نہتے روہنگیا مسلمانوں کی فوری مدد کیلئے حکومتی سطح پر ریلیف فنڈ قائم کرنے کی اپیل کی ہے اور کلب کی پہلی جنرل باڈی میٹنگ میں برما میں روہنگیا کے مسلمانوں پر ہونے والے بہیمانہ ظلم و ستم پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور چیف آف آرمی سٹاف جنر ل قمر جاوید باجوہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان نہتے مسلمانوں کی فوری مدد کیلئے حکومتی سطح پر ریلیف فنڈ قائم کیا جائے تاکہ میانمار کے اندر او ر وہاں سے ہجرت کر کے بنگلہ دیش جانے والے مہاجرین کی پاکستان کے ہائی کمیشن کے ذریعے براہ راست مدد کی جا سکے۔

اس سلسلہ میں ایک قرار داد فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل میٹنگ کے آغاز پر شیخ سخاوت نے تلاوت کی جبکہ تمام ممبران نے مل کر قومی ترانہ پڑھا اور اپنا اپنا تعارف کرایا۔ ایف سی سی آئی الٹی میٹ لائنز کلب کے صدر انجینئر احمد حسن نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت قلبی سکون کا ذریعہ ہے جبکہ لائن کلب کے پلیٹ فارم سے خدمت کے اس عمل کو منظم انداز میں سر انجام دے کر ہم زیادہ بہتر نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ممبران کی مشاورت سے خدمت خلق کے مختلف منصوبے شروع کئے جائیں گے تاکہ اس کو فیصل آباد کا بہترین اور موثر ترین کلب بنایا جا سکے۔ ڈاکٹر زاہد مسعود نے ای میڈ کا مختصر تعارف کرایا اور بتایا کہ یہ تنظیم گزشتہ 13 سالوں سے سماجی شعبہ میں خدمات سرا نجام دے رہی ہے جن کو حکومتی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سماجی بہبود کے ہر شعبہ میں کام کرنے کی ضرورت ہے تاہم ہمیں اپنے لیے ان شعبوں کا انتخاب کر لینا چاہیے جن میں ہم بہترین نتائج دے سکتے ہیں۔

اس موقع پر انجینئر محمد سعید شیخ نے کہا کہ تعلیم، صحت اور سپیشل بچوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ کلب کے فنانس سیکرٹری عابد مسعود نے بتایا کہ فیصل آباد کے لوگوں نے سی ایس آر کے شعبہ میں بہت کام کیا ہے لیکن اس کی موثر طور پر تشہیر نہیں کی جاتی ۔انہوں نے بتایا کہ میاں محمد ادریس کی خواہش پر اس کام کو جدید منظم اور مربوط طریقے سے سرانجام دینے کیلئے لائنز کلب کے پلیٹ فارم سے کام کرنے پر توجہ دی گئی اور اس سلسلہ میں 10 کلب قائم کیے گئے ۔

ایف سی سی آئی الٹی میٹ لائنز کلب کے ابتدائی طور پر 56 ممبران تجویز کیے گئے تھے جن کو بعد میں دو کلبوں میں تقسیم کر دیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ کلب کے تمام ممبران پہلے ہی اپنے اپنے شعبوں میں انفرادی طور پر خدمت خلق کے کام کر رہے ہیںجن میں ای میڈ سرفہرست ہے۔ اس موقع پر مختلف سٹینڈنگ کمیٹیاں بھی قائم کی گئیں۔ صحت کے بارے میں قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر زاہد مسعود، سپورٹس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین کرکٹر محمد سلمان جبکہ ایجوکیشن بارے قائمہ کمیٹی کو خود انجینئر احمد حسن دیکھیں گے۔

مختلف فیکٹریوں میں مزدوروں کی سکریننگ کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ اس سلسلہ میں انجینئر محمد سعید شیخ نے اپنی فیکٹری کے مزدوروں کی سکریننگ کرانے کی پیشکش کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ابتدائی طور پر اس کلب کے اجلاس ماہانہ بنیادوں پر ہونگے جبکہ آئندہ اجلاس کے میزبان صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری انجینئر محمد سعید شیخ ہونگے۔

متعلقہ عنوان :