این ایچ اے حکام نے ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ عثمان باجوہ سے لگژری گاڑی واپس لے لی‘ عثمان باجوہ نے GU-806 گاڑی کئی سال استعمال کی‘ ڈرائیور اور پیٹرول بھی این ایچ اے کا استعمال کرتے رہے

پیر 18 ستمبر 2017 18:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2017ء) نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کے حکام نے ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ عثمان باجوہ سے ادارہ کی گاڑی واپس مانگ لی ہے۔ عثمان باجوہ نے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کی ملکیتی گاڑی نمبر جی یو 806 اپنے قبضہ میں رکھی ہوئی تھی اور گزشتہ دو سالوں سے استعمال کررہے تھے۔ گاڑی میں پیٹرول کے علاوہ این ایچ اے کا ڈرائیور بھی ساتھ رکھا ہوا تھا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ عثمان باجوہ ڈی جی پاسپورٹ بننے سے قبل این ایچ اے میں ممبر ایڈمن کے طور پر خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ممبر ایڈمن این ایچ اے کے تحت سینکڑوں گاڑیاں ہوتی ہیں ۔ عثمان باجوہ کو جب این ایچ اے سے فارغ کرکے ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ بنایا گیا تو وہ ساتھ لگژری گاڑی GU-806 بھی لے آئے۔ عثمان باجوہ نے یہ گاڑی اور ڈرائیور مسلسل دو سال اپنے استعمال میں رکھا ہے۔ اب نیشنل ہا ئی ویز اتھارٹی نے یہ گاڑی واپس طلب کرلی ہے۔ اس حوالے سے عثمان باجوہ کا موقف جاننے کیلئے موبائل پر بار بار ایس ایچ ایس کے ذریعے موقف جاننے کی کوشش کی لیکن انہوں نے جواب نہیں دیا این ایچ اے حکام نے گاڑی کی واپسی کیلئے عثمان باجوہ کو ایک خط لکھا اور گاڑی واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :