ضمنی انتخابات میں بات واضح ہوگیا کہ محمد نواز شریف اب بھی عوام کے دلوں پر راج کرتے ہیں‘ وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ

پیر 18 ستمبر 2017 20:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ این اے 120 کے ضمنی انتخابات میں ایک بات واضح ہوگئی ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اب بھی عوام کے دلوں پر راج کرتے ہیں‘ انہیں انصاف نہیں ملا‘ عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں‘ مسلم لیگ (ن) 2018ء کے عام انتخابات میں بھرپور طریقے سے کامیابی حاصل کرے گی۔

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ این اے 120 کے ضمنی الیکشن میں ایک بار پھر سابق وزیراعظم نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کیا گیا اس الیکشن سے ایک بات واضح ہوگئی کہ نواز شریف اب بھی عوام کے دلوں میں راج کرتے ہیں ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کی اسلام آباد سے لاہور تک ریلی تین دن میں لاہور پہنچی۔

(جاری ہے)

عوام نے جی ٹی روڈ پر ان کا بھرپور طریقہ سے استقبال کیا اور ریلی کے ساتھ ساتھ چلتے رہے۔

جو لوگ پہلے ساتھ تھے وہ اب بھی ساتھ ہیں۔ عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ ملک کی ترقی کے سب سے بڑے منصوبے سی پیک پر کام تیزی سے جاری ہے جبکہ وانائی کے بعض منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ بعض تکمیل کے مراحل میں ہیں جن کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ کا 2018ء میں خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات 2018ء میں مسلم لیگ کارکردگی کی بنیاد پر بھرپور طریقہ سے کامیابی حاصل کرے گی۔