جمعیت علمائے اسلام کے زیر اہتمام عزم نوجوانان کانفرنس کا انعقاد، پارٹی قیادت سمیت نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت

لوگوں کا خیال جمعیت علمائے اسلام ایف سی آر کی حمایتی ہے ،ایسا ہرگز نہیں ، ہم عوام کی رائے کو اہمیت دیتے ہیں،مولانا عبدالرشید

پیر 18 ستمبر 2017 20:39

باجوڑ ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 ستمبر2017ء) جمعیت علمائے اسلام کے زیر اہتمام عنایت کلے بائی پاس کے مقام پر عزم نوجوانان کانفرنس منعقد کی گئی ، جس میں جمعیت علمائے اسلام باجوڑ کے امیرو سابقہ سینیٹر مولانا عبدالرشید ، حاجی سید بادشاہ ، مولانا محمد لائق ، مولانا سلطان محمد ، مولانا عبید اللہ ، مولانا ممتاز ، حاجی اکبر جان ، خیر اللہ اور جمعیت علمائے اسلام باجوڑ پریس سیکرٹری مجاہد خان کے علاوہ سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام باجوڑ ایجنسی کے امیر سابقہ سینیٹر مولانا عبدالرشید نے خطاب کرتے ہوئے کہاجمعیت علمائے اسلام نبیؐ کی وارث جماعت ہے ، مولانا فضل الرحمٰن ایک میچور سیاست دان ہے ، انہوںنے مزید کہا کہ جمعیت علمائے اسلام فاٹا پر گہری نظر رکھتی ہے چونکہ آج کل تمام دنیا کی نظریں فاٹا پر مرکوز ہے کیونکہ فاٹا کے لوگ مہذب اور اسلام پسند ہیں اور یہی وجہ ہے کہ دنیا کے غیر مہذب لوگوں کو فاٹا کی یہی خوبی راست نہیں آتی ، اوروہ فاٹا کو مختلف طریقوں سے گمراہ کرنے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن جمعیت علمائے اسلام ان عناصر کی ان کوششوں کو کامیاب ہونے نہیں دے گی۔ انہوںنے حالیہ مردم شماری کے معاملے پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ ہم حالیہ مردم شماری کو مسترد کرتے ہیں کیونکہ پنجاب کے لوگ خاندانی منصوبہ بندی کے قائل ہیں۔ اور ان کی آبادی میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے۔ جب کہ فاٹا کے لوگ خصوصاً اور پختون قوم عموماً خاندانی منصوبہ بندی کے مخالف ہیں، لیکن پھر بھی فاٹا کی آبادی پنجاب کے آبادی کے بڑھنے کے نسبت نہایت قلیل ہے۔

اکثر لوگوں کا خیال ہے کہ جمعیت علمائے اسلام ایف سی آر کے حمایتی ہے لیکن ایسا ہرگز نہیں ، ہم عوام کی رائے کو اہمیت دیتے ہیں ، فاٹا کے عوام کو اختیار دیا جائے وہ اپنے حق میں جو فیصلہ کریں وہ ان کے لیے بہتر ہوگا بیرونی فیصلے ان پر مسلط نہ کی جائے ۔

متعلقہ عنوان :