چمن ، پاک افغان سرحد ی گیٹ کے قریب بم دھما کہ، ایک نوجوان جاں بحق،22 افرا د زخمی

حملہ آور ایف سی کی گاڑیوں کو نشانہ بنانا چاہتا تھا تاہم کامیاب نہ ہوسکا

پیر 18 ستمبر 2017 21:59

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2017ء) چمن میں پاک افغان سرحد ی گیٹ کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ بائیس افرا د زخمی ہوگئے۔دھماکا خودکش تھا ، حملہ آور ایف سی کی گاڑیوں کو نشانہ بنانا چاہتا تھا تاہم کامیاب نہ ہوسکا۔ تفصیلات کے مطابق قلعہ عبداللہ کے علاقے چمن میں پاک افغان سرحد باب دوستی گیٹ کے قریب ٹیکسی اڈہ کے قریب دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی ۔

دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر تباہی پھیل گئی ۔ دھماکے سے میں سولہ سالہ لڑکا موقع پر ہی جاں بحق اوربائیس افراد زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال چمن پہنچایا گیا ۔ زخمیوں میں کئی کی حالت تشویشنا ک بتائی جاتی ہے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ روانہ کردیاگیا۔

(جاری ہے)

جاں بحق لڑکے کی شناخت نہیں ہوسکی ۔زخمیوں میں لعل محمد ، محمد اسلم، لالئی ، سیف الرحمان، امیر جان، بصیر احمد، عبدالقاہر ، عبدالمالک ، عبدالصمد، جان محمداورتازہ گل کی شناخت ہوسکی ۔

لیویز حکام کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب وہاں سے ایف سی کی گاڑیاں گزرر ہی تھیں۔ دھماکے سے ایف سی کی ایک گاڑی کو بھی جزوی نقصان پہنچاتاہم ایف سی اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ دھماکے کے بعد پولیس، ایف سی اور لیویز اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیکر شواہد اکٹھے کرلئے۔ مقامی انتظامیہ کے آفیسران نے بتایا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ دھماکا خودکش تھا ، حملہ آورکی ٹانگیں اور دیگر جسمانی اعضاء تحویل میں لے لئے گئے۔حملہ آور کا ہدف ایف سی کی گاڑیاں تھیں ۔

متعلقہ عنوان :