آل کراچی تاج محمد سادھو، رسول بخش کے پی ٹی فٹبال ٹورنامنٹ میں محفوظ الیون ملیر اور کورنگی بلوچ ملیر کی کامیابی

پیر 18 ستمبر 2017 21:56

آل کراچی تاج محمد سادھو، رسول بخش کے پی ٹی فٹبال ٹورنامنٹ میں محفوظ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2017ء) چنیسر محمڈن فٹبال کلب کے زیراہتمام چنیسر گوٹھ فٹبال گرائونڈ محمودآباد میں جاری آل کراچی تاج محمد سادھو، رسول بخش کے پی ٹی فٹبال ٹورنامنٹ میں محفوظ الیون ملیر نے شرافی محمڈن کو 1-0سے اور کورنگی بلوچ ملیر نے ایسٹ کی اعظم اسپورٹس کو ٹاس کی بنیاد پر شکست دیکر فائنل میں سیٹ کنفرم کرالی۔

دونوں سیمی فائنل دلچسپ اور سنسنی خیز رہے۔ چنیسر گوٹھ فٹبال گرائونڈ میںکھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں محفوظ الیون ملیر نے شرافی محمڈن کو 1-0سے قابو کرکے فائنل میں جگہ بنائی۔فائنل محفوظ الیون ملیر اور کورنگی بلوچ ملیر کی ٹیموںکے درمیان کھیلا جائے گا۔ سیمی فائنل میں ملیر سے تعلق رکھنے والی دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تماشائیوں سے داد وصول کی۔

(جاری ہے)

میچ کے آغاز میں محفوظ الیون ملیر نے شرافی محمڈن کے گول پر حملے شروع کئے ،پہلے ہاف کی25 ویں منٹ میں فاتح ٹیم محفوظ الیون ملیر کی طرف سے منیر نے گول بناکر اپنی ٹیم کو1-0 کی سبقت دلوادی۔ جس کو برابر کرنے لئے شرافی محمڈن نے جوابی حملے کئے لیکن گول میں کامیابی نہیں مل سکی۔ پہلے ہاف کے اختتام پر محفوظ الیون ملیر کو 1-0کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر اٹیک کیا، لیکن فاروڈز نے گول کرنے کے نصف درجن سے زائد مواقع ضائع کردیئے، خصوصا محفوظ الیون کے دفاعی پلیئرز اور گول کیپر نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

ریفری نذیر خان نے جب اختتامی وسل بجائی تو محفوظ الیون ملیر کی ٹیم 1-0سے کامیابی حاصل کرکے فائنل میں پہنچ گئی۔دوسرے سیمی فائنل میں کورنگی بلوچ ملیر اورایسٹ کی اعظم اسپورٹس کے درمیان میچ میں گول کی بارش ہوتی رہی مقررہ وقت میں مقابلہ2-2 گول سے برابر رہنے کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے پانچ ،پانچ پنالٹی ککس دیں گئیں جس میں مقابلہ 5-5 گول سے برابر ہوگیا، اس کے بعد ون بائی ون مزید چار، چارپنالٹی ککس میں ٹیم باقی پلیئرز نے پنالٹی ککس مرحلے میں حصہ لیا اور دلچسپ بات یہ تھی اس میں لگائی گئی تمام پنالٹی ککس پر گول ہوئے اس کے بعد دوبارہ پنالٹی ککس لگائی گئی اس پر بھی گول ہوتے رہے اس مرحلے پر مقابلہ 14-14 گول سے برابر رہنے کے بعد روشنی کی کمی اور اندھیرا زیادہ ہونے کی وجہ سے میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے دونوں ٹیموں کی مشاروت اور ٹورنامنٹ کمیٹی کی اجازت سے ٹاس کیا گیا۔

میچ میں مجموعی طور دونوں ٹیموں نے بارہ ،بارہ پنالٹی ککس لگائیں اور ان تمام پر گول اسکور ہوئے بعد میں ٹاس کیا گیا جس میں کورنگی بلوچ ملیر کی قسمت چمک گئی اور ٹاس کی بنیاد پر ایسٹ کی اعظم اسپورٹس کو شکست دیکر ٹائٹل کے لئے فائنل میں سیٹ مستحکم کرالی۔دوسرے سیمی فائنل میں دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 28گول اسکور کرکے ایک ریکارڈ قائم کرلیا۔اس میچ کے اختتام پر چنیسر گوٹھ پیپلزپارٹی کے جیالے ورکرز سردار شیر محمد شیرو نے اپنی جانب سے کورنگی بلوچ ملیر کی ٹیم کو پانچ ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔ان میچوں کے ریفری نذیر خان ، رائو فاورق ،اسٹنٹ مختیار ، محمود لاسی ، میچ کمشنر اسماعیل نور، نوید کے پی ٹی اور میڈیا کوارڈنیٹر محمد سلیم سماء تھے۔

متعلقہ عنوان :