صوبائی حکومت ریفارمز کے نام پر اداروں کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے،

ناتجربہ کار حکومت نے صوبے کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے ،ایجوکیشن سروسز ایکٹ صوبے کے لاکھوں اساتذہ کیخلاف ایک گھنائونی سازش ہے چیئرمین قومی وطن پارٹی آفتاب احمد خان شیرپائو کا بیان

پیر 18 ستمبر 2017 22:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 ستمبر2017ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا کہ صوبائی حکومت ریفارمز کے نام پر اداروں کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے، ناتجربہ کار اور نا اہل حکومت نے صوبے کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے، ایجوکیشن سروسز ایکٹ صوبے کے لاکھوں اساتذہ کیخلاف ایک گھنائونی سازش ہے۔بروز پیر انہوں نے اپنے بیان میں اساتذہ کے خلاف ریفارمز کے نام پر صوبائی حکومت کی ایجوکیشن سروسز ایکٹ کی مذمت کی اور کہا کہہ قومی وطن پارٹی ہر فلور پر اس استحصالی ایکٹ کی بھرپور کے خلاف آواز اٹھائے گی اور اسکی مخالفت کریگی ،صوبائی حکومت پہلے ہی صوبے میں ریفارمز کے حوالے سے اپنی ناکامی تسلیم کر چکی ہے صوبے میں صحت اصلاحات کے نام پر اداروں کا حلیہ بگاڑا جا چکا ہے اور کبھی دوسرے اصلاحات کے نام پر اداروں کا حلیہ بگاڑ دیتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پہلے ہی صوبے میں اپنی ناکامی تسلیم کر چکے ہیں اور انہوں نے اپنی کابینہ کو نا تجربہ کار اور نا اہل کر دیا تھا انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے چیئرمین نے ناکامی تسلیم کرکے خود کو عوام کے کٹھہرے میں کھڑا کر دیا ہے اگر وہ صوبے میں حکومت کرنے اہل نہیں تھے تو انہوں نے حکومت کی کمان کیوں سنبھالی انہوں نے کہا کہہ قومی وطن پارٹی مزید صوبائی حکومت کو اداروں اور ان سے منسلک افراد کے مستقبل کو دائو پر لگانے نہیں دیگی اور انکی جماعت ہر مشکل گھڑی میں صوبے کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے ۔

متعلقہ عنوان :