Live Updates

سینیٹر عبدالقیوم کی آرمی چیف کو عسکری حکام کی جانب سے سینیٹ کی ہول کمیٹی میں قومی سلامتی کے امور پر بریفنگ کی تجویز، جنرل قمر جاوید باجوہ کا اتفا ق

آرمی چیف نے قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم اور امریکہ، افغانستان اور بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہش کا اعادہ کیا،کہا ہم آئین، جمہوریت اور جمہوری اداروں کے ساتھ ہیں، جی ایچ کیومیں بہت اچھی بریفنگ دی گئی ، ایسے رابطو ں کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے ، سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کے چیئرمین کی جی ایچ کیو کے دورہ کی تفصیل بتاتے ہوئے گفتگو آرمی چیف نے ملاقات میں حلقہ این اے 120میں بیگم کلثوم نواز کی فتح پر شہباز شریف کو مبارکباد دینے کا بھی تذکرہ کیا ، ذرائع

پیر 18 ستمبر 2017 22:26

سینیٹر عبدالقیوم کی آرمی چیف کو  عسکری حکام کی جانب سے سینیٹ کی ہول ..
راولپنڈی/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 ستمبر2017ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم ملک نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو سینیٹ کی ہول کمیٹی میں قومی سلامتی کے امور پر ڈی جی ایم او کی بریفنگ کی تجویز دے دی، جس سے اتفاق کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہاکہ اس سلسلے میں تاریخ کا تعین کرلیا جائے،ہم تیار ہیں، عبدالقیوم نے بتایا کہ آرمی چیف نے قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم اور امریکہ، افغانستان اور بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہش کاا عادہ کیا اور کہا کہ ہم آئین، جمہوریت اور جمہوری اداروں کے ساتھ ہیں۔

پیر کو لیفٹیننٹ جنرل (ر) سینیٹر عبدالقیوم ملک کی سربراہی میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کی دفاعی کمیٹیوں کے ارکان نے جنرل ہیڈکوارٹرز(جی ایچ کیو)راولپنڈی کا دورہ کیا،اس حوالے سے معلومات کیلئے جب جنرل(ر) عبدالقیوم ملک سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں جی ایچ کیو میں بہت ہی اچھی بریفنگ دی گئی، ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز(ڈی جی ایم او) نے افغانستان کے ساتھ تعلقات، افغانستان اور بھارت کے ساتھ سرحدی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تقریباً ایک گھنٹے سے زائد کی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اس دوران سوال و جوابات کا سیشن بھی ہوا،جنرل(ر) عبدالقیوم ملک نے بریفنگ کے آخر میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو تجویز دی کہ سینیٹ کی ہول کمیٹی جس میں قومی سلامتی کے امور پر بند کمرے میں بحث ہوتی ہے، اگر اس میں قومی سلامتی کے امور پر یہ بریفنگ دی جائے تو پارلیمنٹیرینز کو اس کو سمجھنے میں مدد ملے گی، جنرل(ر) عبدالقیوم ملک کے مطابق آرمی چیف نے ان کی اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے تاریخ کا تعین کرلیا جائے، ہم تیار ہیں۔

عبدالقیوم نے مزید بتایا کہ اپنی گفتگو کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان، امریکہ ، افغانستان اور بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہشمند ہے، ہم قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم آئین، جمہوریت اور جمہوری اداروں کے ساتھ ہیں۔جنرل(ر) عبدالقیوم ملک نے بتایا کہ جی ایچ کیو کے دورہ کے دوران بڑی مفصل ملاقات ہوئی اور یہ پہلا موقع تھا کہ ارکان پارلیمنٹ کو جی ایچ کیو میں قومی سلامتی کے امور پر اتنی اچھی اور تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس دوران جنرل(ر) عبدالقیوم ملک نے کہا کہ رابطوں کا یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران جب حلقہ این اے 120 لاہور کے ضمنی انتخابات کا تذکرہ آیا تو اس دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان خیالات کا بھی اظہار کیا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو بیگم کلثوم نواز کی فتح پر مبارکباد بھی دی۔ ذرائع کے مطابق آرمی چیف اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے درمیان پیر کو ہی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس دوران انہوں نے شہبازشریف کو بیگم کلثوم نواز کی فتح پر مبارکباد دی اور کہا کہ انتخابات منصفانہ اور شفاف انداز میں ہوئے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات