چمن میں پاک افغان سرحد پر ایف سی ٹرک کو نشانہ بنانے کے لئے خودکش حملہ ،ایک شہری شہید جبکہ 22 زخمی

پیر 18 ستمبر 2017 22:51

چمن۔18 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2017ء) چمن میں پاک افغان سرحد پر ایف سی ٹرک کو نشانہ بنانے کے لئے خودکش حملہ ،ایک شہری شہید جبکہ 22 زخمی ہوگئے،چمن پاک افغان سرحد کے قریب واقع کسٹم ہاوس کے قریب ایف سی کا ایک ٹرک معمول کے گشت پر جارہا تھا کہ اسی وقت ایک پیدل خودکش حملہ آور نے ایف سی ٹرک کو نشانہ بنانے کی کوشش کی مگر ٹرک کی رفتار تیز ہونے کی وجہ سے خودکش حملہ ٹرک تک نہیں پہنچ سکا جس کی وجہ سے ایف سی اہلکار محفوظ رہے جبکہ ٹرک کو معمول نقصان پہنچا۔

خودکش دھماکے سے متعدد رکشوں کو بھی نقصان پہنچا ۔لیویز حکام کے مطابق اس دھماکے کے نتیجے میں بائیس شہری زخمی جبکہ ایک بیس سالہ نوجوان شہید ہوگیا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے بعد ایف سی اور لیویز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیر ے میں لے لیا۔

(جاری ہے)

ایف سی حکام کے مطابق اس دھماکے میں کوئی ایف سی اہلکار زخمی نہیں ہوا ہے تاہم ان کی ٹرک کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔

ڈپٹی کمشنر چمن محمد قیصرخان ناصر نے بتایا کہ خودکش دھماکے میں ایف سی کی ٹرک کو نشانہ بنایا گیاہے جس سے ان کی ٹرک کو معمولی نقصان بھی پہنچاتاہم ایف سی اہلکار محفوظ رہے جبکہ دھماکے میں ایک شہری شہید جبکہ بائیس زخمی ہوگئے ہیں اور دھماکہ کے بعد ہم نے شہر کے تمام سرکاری ا نجی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ زخمیوں کو سول ہسپتال چمن میں طبی امداد دی جارہی ہے جبکہ پانچ شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا ھے۔سیکورٹی حکام مزید تفتیش کررہی ۔