زراعت کے شعبہ میں برآمدات کی وسیع گنجائش موجود ہے ، حکومت مقامی کسانوں کو پیداوار میں اضافہ کے لئے تمام سہولیات فراہم کر رہی ہے، زرعی پیداوار میں اضافہ کے لئے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جا رہی ہے

وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک کی سیمینار کے بعد ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت

منگل 19 ستمبر 2017 16:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک نے کہا ہے کہ زراعت کے شعبہ میں برآمدات کی وسیع گنجائش موجود ہے ، حکومت مقامی کسانوں کو پیداوار میں اضافہ کے لئے تمام سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر زرعی شعبہ کی برآمدات میں اضافہ کے لئے پرعزم ہیں اور زرعی پیداوار میں اضافہ کے لئے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھجور سے متعلق سیمینار کے بعد ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کا انعقاد ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے میں مسابقتی عمل کو فروغ دینا اور دنیا کی مختلف مارکیٹوں تک مصنوعات کو رسائی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پھلوں، سبزیوں، کھجور اور دیگر زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن کے لئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا چوتھا بڑا کھجور پیدا کرنے والا ملک ہے اور برآمدات میں اضافہ کے لئے کھجور کی ویلیو ایڈیشن بہت ضروری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ اور جنوبی پنجاب سمیت خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں کھجور کی پیداوار کے علاقوں میں انفراسٹرکچر کی ترقی سے نہ صرف کھجور کی ویلیو ایڈیشن میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبہ میں ویلیو ایڈیشن سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں بھی مدد ملے گی اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بھی مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کھجور سمیت دیگر زرعی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کے لئے موثر اور جامع حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے اور اس شعبہ میں تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میڈیا اور جامعات کسانوں کو رہنمائی فراہم کریں تاکہ پیداوار میں اضافہ کر کے ملکی برآمدات کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں زرعی شعبہ کی ترقی اور بہتری کے لئے برآمدات میں تیزی لانے کے لئے پرعزم ہے۔

متعلقہ عنوان :