پاکستان کا فارماسیوٹیکل سیکٹر عالمی فارماسیوٹیکل کی 1.25ٹریلین ڈالر کی مارکیٹ میں نمایاں شیئر حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ‘ عبدالباسط

مشکل حالات کے باوجود لاہور چیمبر کی ممبرکمپنی پیسفک فارما کی جانب سے بین الاقوامی اعزاز حاصل کرنا ملکی معیشت کے لیے بہت اچھا شگون اور برآمدات بڑھانے کی نوید ہے‘ صدر لاہور چیمبر کی دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس

منگل 19 ستمبر 2017 16:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2017ء) پاکستان کا فارماسیوٹیکل سیکٹر عالمی فارماسیوٹیکل کی 1.25ٹریلین ڈالر کی مارکیٹ میں نمایاں شیئر حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ،مشکل حالات کے باوجود لاہور چیمبر کی ممبرکمپنی پیسفک فارما کی جانب سے بین الاقوامی اعزاز حاصل کرنا ملکی معیشت کے لیے بہت اچھا شگون اور برآمدات بڑھانے کی نوید ہے۔

ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط نے سینئر نائب صدر امجد علی جاوا، پیسفک فارما کے صدر ڈاکٹر محمد عرفان ، نائب صدر ڈاکٹر قرات العین اور سابق ایگزیکٹو کمیٹی رکن خواجہ خاور رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عبدالباسط نے کہا پیسفک فارما کو برطانیہ کی میڈیسنز اینڈ ہیلتھ کیئر پروڈکٹس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے اعتماد کی سند حاصل ہونا صرف لاہور چیمبر ہی نہیں بلکہ ملک کے لیے فخر کی بات ہے ، اس سے یورپ کو پاکستانی فارماسیوٹیکل ایکسپورٹس میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فارماسیوٹیکل کی برآمدات کا دارومدار عالمی معیارات سے ہم آہنگ ہونے پر منحصر ہے اورپیسفک فارما نے اس سلسلے میں اہم سنگ میل عبور کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ، کینڈا، برطانیہ ،یورپین یونین ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسے ترقی یافتہ ممالک اپنے شہریوں کو مفت یا پھر رعایتی ہیلتھ کیئر سہولیات مہیا کررہے ہیں ، ان ممالک کو فارماسیوٹیکل مصنوعات کی برآمدات کی وافر گنجائش ہے جس سے فائدہ اٹھانے کے لیے عالمی معیارات سے ہم آہنگ ہونا بہت ضروری ہے، اس سلسلے میں پیسفک فارما نے بہت اہم پیش رفت کی ہے۔

ڈاکٹر قرات العین اور ڈاکٹر محمد عرفان نے کمپنی کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کا اوّلین مقصد ملک کی معاشی ترقی اور برآمدات کے فروغ میں کردار ادا اور عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیسفک فارما ان چند ایشیائی کمپنیوں میں سے ہے جنہیں برطانیہ کی میڈیسنز اینڈ ہیلتھ کیئر پروڈکٹس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے اعتماد کا سرٹیفکیٹ دیا گیا ہے۔